06 فروری ، 2023
ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کی پیشگوئی 3 روز قبل ہی کر دی گئی تھی۔
ترکیہ اور شام میں آج دو انتہائی تباہ کن زلزلے آئے جس کے نتیجے میں درجنوں عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور 2200 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں۔
ترکیہ اور شام میں آنے والے پہلے زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی جبکہ کچھ گھنٹوں بعد ترکیہ ک علاقے البستان میں 7 اعشاریہ 5 شدت کا ایک اور زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈ سے تعلق رکھنے والے تحقیق کار فرینک ہوگر بیٹس نے سوشل میڈیا پر اپنی ٹوئٹ میں کچھ روز پہلے ہی اس خطے میں بڑے زلزلے کی پیشگوئی کر دی تھی۔
فرینک ہوگر بیٹس نے 3 فروری کو ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ جلد یا بدیر جنوبی وسطی ترکیہ، اردن، شام اور لبنان میں 7 اعشاریہ 5 شدت کا زلزلہ آئے گا، ان کی زلزلے سے متعلق پیشگوئی 3 روز بعد ہی سچ ثابت ہوئی۔
فرینک ہوگر بیٹس نے اپنی ریسرچ ایجنسی کی پوسٹ کو بھی ری ٹوئٹ کیا جس میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ پہلے زلزلے کے بعد ایک اور بڑا جھٹکا آئے گا، ان کی یہ پیشگوئی بھی سچ ثابت ہوئی۔
نیدر لینڈ کے ریسرچر نے زلزلے کے حوالے سے اپنی پیشگوئی درست ثابت ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا وسطی ترکیہ میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ ہونے والے ہر فرد کے لیے میرا دل بہت دکھی ہے۔