دنیا
Time 07 فروری ، 2023

'بچوں کو لے کر دروازے پر پہنچا تو بلڈنگ گرگئی'، شامی شہری زلزلے کی آپ بیتی سناتے ہوئے رو پڑا

میں اور اہلخانہ رات کے وقت سو رہے تھے جب ہماری آنکھ زلزلے سے کھلی: شامی شہری کی گفتگو/ فوٹو اے ایف پی
میں اور اہلخانہ رات کے وقت سو رہے تھے جب ہماری آنکھ زلزلے سے کھلی: شامی شہری کی گفتگو/ فوٹو اے ایف پی

شام میں آنے والے ہولناک زلزلے میں زندہ بچ جانے والے ایک شہری نے آپ بیتی سنائی ہے۔

شمال مغربی شام کے علاقے ازمرین کے اپارٹمنٹ کے رہائشی اسامہ عبدالحمید نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وہ اپنی 4 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے بعد بیوی اور چار بچوں سمیت بمشکل ملبے سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

ادلیب کے اسپتال میں زیر علاج اسامہ نے بتایا کہ 'میں اور اہلخانہ رات کے وقت سو رہے تھے جب ہماری آنکھ زلزلے سے کھلی، جب ہم اٹھے تو دیکھا ہر چیز بری طرح ہل رہی ہے، ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی پکڑ کر بلڈنگ ہلا رہا ہے'۔

اسامہ نے بتایا 'ہم ایک دم باہر کی جانب بھاگے لیکن اس سے پہلے بلڈنگ سے باہر نکلتے، دروازے پر پہنچتے ہی عمارت ہم پر گرگئی'۔

شامی شخص کے مطابق 'ان سمیت ان کی اہلیہ اور بچوں کو سروں پر سخت چوٹیں آئی ہیں'۔

اسامہ یہ بتاتے ہوئے رو پڑے کہ اس پوری بلڈنگ میں صرف ان کی فیملی زندہ بچی، باقی 3 فلور کے لوگ انتقال کرگئے۔

اسامہ نے یہ بھی کہا کہ خدا نے انہیں دوسری زندگی عطا کی ہے۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 300 سے بڑھ گئی ہیں، ملبے میں پھنسے زندہ افراد کو بچانےکے لیے ریسکیو ورکرز کی کوششیں جاری ہیں، زلزلے کے بعد سے اب تک 120 سے زائد آفٹر شاکس آچکے ہیں۔

مزید خبریں :