جیو فیکٹ چیک:کیا پاکستانی پاسپورٹ کی فیس 70 ہزار روپے تک بڑھ گئی ہے؟

حکومتی ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ کے نئے یا تجدید کے لیے سروس فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا

مختلف واٹس ایپ گروپس میں گردش کرنے والے پیغامات اور سوشل میڈیا پروائرل ہونے پوسٹس میں یہ دعویٰ کیاگیا ہے کہ عام پاکستانی پاسپورٹ اور الیکٹرانک پاسپورٹ کی فیس میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیاہے۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

30 جنوری کو ایک تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ نے خیبر پختونخوا کے شہر پشاورکی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہےکہ لوگوں کا ایک بہت بڑا ہجوم پاسپورٹ آفس کی طرف بھاگ رہا ہے۔

ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ” پاسپورٹ فیس 70ہزار ہونے کی افواہ ۔حیات آباد پشاور پاسپورٹ آفس میں پاسپورٹ بنوانے والوں کا سمندر امڈ آیا !“

اس آرٹیکل کے پبلش ہونے تک اس ٹوئٹ کو 20 سے زائد مرتبہ لائک اور 6مرتبہ ری ٹوئٹ کیا گیا۔

29 جنوری کو ایک اور ٹوئٹر صارف نے پاکستانی عوام کو یہ مشورہ دیا کہ وہ اپنے پاسپورٹس جلداز جلد بنوا لیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ”جس نے بھی پاسپورٹ بنوانا ہے 5 دن کے اندر بنوا لیں۔ 5 دن کے بعد فیس 3300 سے بڑھ کر 9900 ہو جائے گی اور 7ہزار والے پاسپورٹ کی فیس 21 ہزار ہو جائے گی۔“

حقیقت

حکومتی ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ کے نئے یا تجدید کے لیے سروس فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ۔

اسلام آباد میں قائم ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل یاور حسین نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبریں بالکل غلط ہیں۔

یاور حسین کا مزید کہنا تھا کہ ”ہمارا ابھی پاسپورٹ کی فیس بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔“

جیو فیکٹ چیک کے ساتھ شیئر کردہ سرکاری دستاویز کے مطابق 36 صفحات پر مشتمل پانچ سالہ عام پاکستانی پاسپورٹ کی فیس 3 ہزار جبکہ 10 سالہ عام پاکستانی پاسپورٹ کی فیس 4500 روپےہے۔

یہاں تک کہ ارجنٹ بنوائے گئے 100 صفحات پر مشتمل عام پاکستانی پاسپورٹ کی فیس بھی 10 ہزار روپے سے زیادہ نہیں ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے 2020ءسے اب تک مقرر کردہ عام پاکستانی پاسپورٹ فیس شیڈیول۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے 2020ءسے اب تک مقرر کردہ عام پاکستانی پاسپورٹ فیس شیڈیول۔

یاور حسین نےجیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ ” سوشل میڈیا پر ان افواہوں کی وجہ سے [پاسپورٹ دفاتر میں]عوام کا بہت زیادہ رش ہو گیا ہے۔جہاں پہلے کوئی 22 ہزار، 23 ہزار لوگ پہلے آتے تھے، تو اب کل 56 ہزار لوگوں نے اپلائی کیا ہے۔ “

ای پاسپورٹ یا الیکٹرانک پاسپورٹ کے لیے الگ سے وصول کی جانے والی فیس 9 ہزارسے 40 ہزار روپے کے درمیان ہے، یہ فیس پاسپورٹ کے صفحات کی تعداد اوراس کے اجراء کے لئے درکار وقت پر منحصر ہے۔

ای پاسپورٹ کے لیے یہ رقم 2020 میں مقررکی گئی تھی اور ابھی تک اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، اس نوٹیفکیشن کا کچھ حصہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن طریقے سے شیئر کیا جا رہا ہے۔ذیل میں مکمل نوٹیفیکیشن دیا جا رہا ہے :

ای پاسپورٹ کے لیے وصول کی جانے والی فیس۔
ای پاسپورٹ کے لیے وصول کی جانے والی فیس۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے بھی 30 جنوری کوپاسپورٹ فیس میں اضافے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے ایک پریس ریلیز بھی جاری کی۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔