07 فروری ، 2023
کراچی کے علاقےکلفٹن میں خاتون کی دکان پر ساڑھے 7 کروڑ روپے کی رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کو تین دن گزرنے کے باوجود کوئی سراغ نہ مل سکا۔
کلفٹن پولیس کے مطابق واردات 4 فروری کی سہ پہر کلفٹن فیز 5 میں زمزم کمرشل اسٹریٹ کے رینزز جیولر شاپ پر ہوئی جس کا مقدمہ نمبر 64/23 دکان کی مالک نسرین عبدالخالق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
خاتون کے مطابق 35 سے 40 سال عمر کے پینٹ شرٹ پہنے 2 ملزمان ناک کی لونگ خریدنے کے بہانے دکان میں داخل ہوئے جنہوں نے سودے بازی کے دوران اسلحہ نکال کر انہیں یرغمال بنا لیا۔
خاتون کے مطابق ایک مسلح ملزم نے اس کے ہاتھوں اور منہ پر ٹیپ باندھ دی جبکہ دوسرے ملزم نے انہیں ساتھ لے جاکر دکان کی تجوری میں رکھے ہوئے 50 لاکھ روپے نقد، 7 کروڑ روپے مالیت کے سونے کے مختلف زیورات، سیٹ اور سونے کے بسکٹ لوٹ لیے۔
مدعیہ کے مطابق ملزمان اسے اور ملازم کو دکان میں لاک کرکے لوٹی ہوئی رقم اور سونا اپنے پاس موجود اسکول بیگ میں ڈال کر فرار ہوگئے۔
کلفٹن پولیس کے مطابق واردات کا مقدمہ وقوعہ کے روز ہی درج کرلیا گیا تھا جس کی تفتیش شعبہ انویسٹی گیشن کے پاس ہے تاہم تین روز گزرنے کے باوجود ملزمان کا سراغ نہیں مل سکا۔