08 فروری ، 2023
وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہےکہ پیٹرول کے لیے ایل سیزکھلی ہیں،کوئی بندش نہیں لگائی، ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر اسٹاک موجود ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی قلت ہے نہ خدشہ ہے، قیمتوں میں بھی اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
وزیرمملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ مالکان جان بوجھ کر قلت کی افواہیں پھیلا رہے ہیں، ایسے ڈیلرز اور مالکان کے خلاف کارروائی کر رہےہیں، پیٹرول کی ایل سیز کھلی ہیں،کوئی بندش نہیں لگائی۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ 15 فروری کو قیمت کا جائزہ لیں گے، اس سےقبل قیمت میں ردوبدل نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ پنجاب کےمختلف شہروں میں پیٹرول کی مبینہ قلت دیکھنے میں آرہی ہے اور بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں۔
اطلاعات کے مطابق فیصل آباد، گوجرانوالا، سرگودھا میں بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں، اکثر پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت بند ہے جب کہ چندکھلے پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
شکر گڑھ،خوشاب،گوجرہ، منڈی بہاء الدین میں بھی چند پیٹرول پمپس کھلے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جو پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہ موٹر سائیکل والوں کو 200 روپےکا پیٹرول فراہم کر رہے ہیں، گاڑی والوں کو 500 روپے کا پیٹرول دیا جا رہا ہے۔
پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہےکہ پیٹرولیم ڈیلرز کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کم ہو رہی ہے۔