Time 08 فروری ، 2023
کھیل

فیلڈ میں یہی کوشش ہوتی ہے کہ والد کا نام خراب نہ ہونے دوں: عثمان قادر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کھلاڑی عثمان قادر نے کہا ہے کہ اس بات کا پریشر ہوتا ہے کہ عبدالقادر کا بیٹا ہوں، مگر اب اس کا عادی ہو چکا ہوں۔

کراچی میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ آسان کام نہیں کہ عبدالقادر کی طرح ہی بولنگ کراؤں مگر کوشش ہے کہ ان کا نام روشن کروں، میری فیلڈ میں بھی یہی کوشش ہوتی ہے کہ والد کا نام خراب نہ ہونے دوں۔

عثمان قادر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کیلئے بہترین تیاریاں ہورہی ہیں، دو ٹریننگ سیشن بہت اچھے گزرے ہیں، پچھلے سال کی غلطیاں دور کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں ذاتی ہدف یہی ہوتا ہے کہ ٹیم کی جیت میں کردار ادا کروں، پچھلے سال زلمی کی جانب چھ، سات میچز کھیلا تھا، اچھی پرفارمنس رہی تھی، اس بار بھی جو میچ کھیلوں گا اس میں اچھے سے اچھا کھیلنے کی کوشش کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے ہمیشہ سے ہی پاکستان کو اچھے پلیئرز دیے ہیں،  یہ  ہر نوجوان کرکٹر کیلئے کافی اچھا موقع ہے، ٹاپ پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر کے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔

عثمان قادر نے کہا کہ  پشاور زلمی کیلئے یہ سال کافی اچھا رہے گا،  زلمی میں اچھے پلیئرز موجود ہیں، ٹیم میں  حسیب اللہ جیسے پلیئرز ہیں جو اس بار کافی اچھا کریں گے، صائم ایوب بہت اچھی فارم میں ہے، وہ زلمی کیلئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ہمیشہ مقامی پلیئرز کا کردار کافی اہم ہوتا ہے، دیگر ٹیموں کے بھی نوجوان پلیئرز اچھے ہیں، ہر لیگ کے فاتح کے درمیان چیمپئنز  لیگ ضرور ہونی چاہئے، چیمئنز لیگ جیسا ٹورنامنٹ ہوگا تو اس سے اور اچھا مقابلہ ہوگا۔

مزید خبریں :