09 فروری ، 2023
سندھ ہائی کورٹ نے مرحوم رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی بیوہ دانیہ شاہ کی گرفتاری کے خلاف درخواست مسترد کردی۔
عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔
ایڈووکیٹ لیاقت گبول کا کہنا تھا کہ دانیہ شاہ کولودھراں سے غیر قانونی طریقے سے گرفتارکیا گیا، دانیہ شاہ کی گرفتاری کے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
عدالت کے استفسار پر وکیل نے بتایا کہ کیس کا عبوری چالان جمع ہوچکا ہے، ٹرائل کورٹ نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو جاری شوکاز نوٹس پرکارروائی نہیں کی، ٹرائل کورٹ کو ہدایت جاری کی جائیں کہ ایف آئی اے کے خلاف کارروائی کرے۔
سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ملزمہ کے خلاف کیس کا چالان جمع ہو چکا ہے، مداخلت کا کیس نہیں بنتا۔
عدالت نے دانیہ شاہ کی گرفتاری کے خلاف درخواست مسترد کردی۔
خیال رہےکہ عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں دانیہ شاہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں، دانیہ شاہ کو دسمبر 2022 میں ایف آئی اے نےگرفتار کیا تھا۔