Time 09 فروری ، 2023
پاکستان

منگھوپیر میں واٹربورڈ کی کارروائی، درجنوں ہائیڈرینٹ مسمار

محروم علاقوں تک پانی کی سپلائی بحال کرنے کے لیے غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ اور پانی چوری کے زیر زمین کنکشن توڑے جارہے ہیں: تابش رضا/ اسکرین گریب
محروم علاقوں تک پانی کی سپلائی بحال کرنے کے لیے غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ اور پانی چوری کے زیر زمین کنکشن توڑے جارہے ہیں: تابش رضا/ اسکرین گریب

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اینٹی واٹر تھیفٹ سیل کے عملے نے منگھوپیر میں غیر معمولی آپریشن کے دوران پانی چوری کے درجنوں ہائیڈرینٹ توڑ دیے۔

اینٹی واٹر تھیفٹ سیل کے انچارج تابش رضا حسین کے مطابق وزیر بلدیات ناصر شاہ اور ایم ڈی واٹر بورڈ صلاح الدین احمد کی ہدایت پر کراچی میں پانی چور مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے پانی سے محروم علاقوں تک پانی کی سپلائی بحال کرنے کے لیے غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ اور پانی چوری کے زیر زمین کنکشن توڑے جارہے ہیں۔ 

تابش رضا کے مطابق اس سلسلے میں بدھ کی دوپہر منگوپیر روڈ پر بھرپور کارروائیاں کی گئیں جس میں مختلف ماربل فیکٹریوں کمپاؤنڈز اور گھروں میں قائم کیے گئے غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس اور زیر زمین واٹر ٹینک توڑ دیے گئے۔

انچارج اینٹی واٹرتھیفٹ کا کہنا تھا کہ پانی چوروں نے منگھوپیر روڈ سے گزرنے والی 66 انچ قطر کی مرکزی سپلائی لائن سے 4 انچ کے کنکشن لے رکھے ہیں جن سے یومیہ لاکھوں گیلن پانی چوری کرکے ٹینکرز اور لائنوں کے ذریعے گھروں اور فیکٹریوں کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا تھا۔ 

تابش رضا کے مطابق اگلے مرحلے میں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کے آپریشن جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں :