09 فروری ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چئیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ شالیمار باغ میں پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کرانے کا مقصد یہی تھا کہ کچھ تو پتہ چلنا چاہیے نہ کہ تبدیلی آ گئی ہے، تبدیلی میں کچھ تخلیقی چیزیں بھی ہو تی ہیں، اس لیے شالیمار گارڈن سے بہتر اور کونسی جگہ ہو سکتی ہے۔
لاہور میں پی ایس ایل 8 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا یہ اتنی خوبصورت جگہ ہے کہ سب کو پتہ چلنا چاہیے کہ لاہور میں بھی بڑے ستارے ہیں صرف پی ایس ایل میں ستارے نہیں ہیں، اس مرتبہ ہمارا نعرہ بھی یہ ہے کہ سب ستارے ہمارے، اس کے لیے اس سے اچھی جگہ کوئی اور نہیں ہوسکتی کہ کہیں اور رونمائی کی جاتی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ ٹرافی اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ اسے مقامی لوگوں نے بنایا ہے، اس سے پہلے بیرون ملک ٹرافی بنتی رہی ہیں، پی سی بی کے اندر ٹرافی کی ڈیزائننگ کی گئی ہے جس میں 9 ہزار 907 زرقون کے پتھر اور 24 قیراط گولڈ کی پلیٹنگ کی گئی ہے اور اس کے تین ستون قوت، اتحاد اور پاکستانی کی ترقی کی نشاندہی کرتے ہیں، ٹرافی پر سب سے بڑا سپر نووا اسٹار ہے اور یہ پی ایس ایل بھی ستاروں سے بھری پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک نئے طریقے سے پی ایس ایل کو ری لاؤنچ کیا ہے، دو تین سال سے کووڈ کی وجہ سے کچھ مشکلات کا سامنا تھا۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ شالیمار گارڈن کے بارے میں آج کل کی نسل کو نہیں پتہ، پنجاب میں آئیں اور لاہور میں آپ ہوں تو پھر اگر آپ نے لاہور نہِیں دیکھا تو کیا دیکھا، اس لیے پی ایس ایل کی ٹرافی کی رونمائی سے شالیمار گارڈن بھی مزید چمک اٹھے گا، اب لوگ ایک مرتبہ پھر شالیمار گارڈن دیکھنا چاہیں گے، اس وقت ہمیں اپنے پراجیکٹس سے کلچر کو پروموٹ کرنا چاہیے۔