Time 10 فروری ، 2023
کھیل

نیوزی لینڈ کے خلاف خود اپنی جگہ سرفراز کو کھلانے کا کہا تھا: رضوان

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہونے اور اچھا پرفارم نہ کرنے پر ان کی پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنتی تھی: قومی کرکٹر/ فائل فوٹو
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہونے اور اچھا پرفارم نہ کرنے پر ان کی پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنتی تھی: قومی کرکٹر/ فائل فوٹو

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے انکشاف کیا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد سرفراز کی واپسی کیلئے انہوں نے خود مینجمنٹ سے بات کی تھی۔

نجی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں محمد رضوان نے انکشاف کیا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہونے اور اچھا پرفارم نہ کرنے پر  ان کی پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنتی تھی۔

نجی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں محمد رضوان نے بتایا کہ  آپ اس وقت کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق سے پوچھ سکتے ہیں کہ میں نے ان سے انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر کیا بات کی تھی، میراذاتی خیال تھا کہ میں پرفارم نہیں کرپارہا  لہٰذا کیویز کے خلاف  پلیئنگ الیون میں میری جگہ نہیں بنتی۔ 

میں نےخود  ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور کپتان بابر اعظم کے پاس جاکر کہا تھا کہ آپ مجھے میچ سے ڈراپ کرسکتے ہیں : رضوان

رضوان نے کہا کہ سرفراز احمد  ڈومیسٹک کارکردگی کے باعث پلیئنگ الیون میں جگہ پانے کے اہل  تھے  جس کیلئے  میں  نے ذاتی طور پر  ہیڈ کوچ  ثقلین مشتاق اور کپتان بابراعظم  کے پاس جاکر کہا تھا کہ آپ مجھے میچ سے ڈراپ کرسکتے ہیں کیوں کہ میں پرفارم نہیں کرپارہا ، دو کھلاڑی اس گفتگو کے گواہ بھی ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے بتایاکہ میں نے کپتان اور کوچ سے کہا تھا کہ  سرفراز ڈومیسٹک میں ایک عرصے سے پرفارم کررہا ہے لہٰذا اسے چانس دیا جائے اور مجھے خوشی ہے کہ سرفراز نے پرفارم کیا ،کیویز کیخلاف سرفراز کی ٹیسٹ میچ میں واپسی پر بہت خوشی ہوئی تھی کیوں کہ میں چاہتا تھا کہ سرفراز پرفارم کریں۔

واضح رہے کہ محمد رضوان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 6 اننگز میں 23.50 کی اوسط 141 رنز اسکور کیے تھے۔

مزید خبریں :