10 فروری ، 2023
آسٹریلیا کے خلاف ناگپور ٹیسٹ میں بھارتی اسپنر رویندرہ جڈیجا پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگا ہے اور ان کی ہاتھ پر کریم لگاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ناگپور ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف جڈیجا انجری کے بعد واپس آئے اور پہلی اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا لیکن بولنگ کے وقت ہاتھ پر کریم لگاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فاسٹ بولر محمد سراج جڈیجا کو ہاتھ پر ملنے کیلئے کوئی کریم دے رہے ہیں اور جڈیجا اسے ہاتھ پر لگا رہے ہیں جو بال ٹیمپرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔
ویڈیو میں واضح طور پر جڈیجا کو بال ٹیمپرنگ کرتے دیکھا گیا۔ آسٹریلوی اور انٹرنیشنل میڈیا میں اس ویڈیو کی دھوم مچی ہوئی ہے جس کے بعد ناگپور ٹیسٹ کے میچ ریفری بھی ٹیم منیجمنٹ سے جڈیجا کی اس حرکت پر سوال کرنے پر مجبور ہوگئے اور وضاحت طلب کرلی۔
بھارتی ٹیم منیجمنٹ نے جواب دیا کہ جڈیجا کے ہاتھ میں تکلیف ہے جس سے نجات کیلئے وہ کریم لگارہے ہیں حالانکہ کسی میڈیکل اسٹاف کو گراؤنڈ میں نہیں دیکھا گیا۔
اگر جڈیجا پر یہ بال ٹیمپرنگ کا الزام ثابت ہوگیا تو انہیں پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ جڈیجا نے اسی ’تکلیف والے‘ ہاتھ سے آج کھیل کے دوسرے روز 66 رنز بنائے ہیں اور وہ ناٹ آؤٹ ہیں۔
خیال رہے کہ جڈیجا اور ایشون کی شاندار بولنگ کے بدولت آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 177 رنز پر ڈھیر ہوئی۔ بھارت نے کھیل کے دوسرے دن کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنالیے ہیں۔