Time 13 فروری ، 2023
پاکستان

شہبازگل کی بریت کی درخواست مسترد ہونےکا تفصیلی فیصلہ جاری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہبازگل پر اداروں کو بغاوت پر اکسانےکےکیس میں بریت کی درخواست مسترد کرنےکا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے 3 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

 فیصلے میں کہا گیا ہےکہ وکیل صفائی کے مطابق شہبازگل کے خلاف کیس یو ایس بی کی بنیاد پربنایا گیا،  وکیل صفائی کے مطابق یو ایس بی کی کبھی فارنزک نہیں کروائی گئی، وکیل صفائی کے مطابق شہبازگل کےخلاف ثبوت نہیں، سیاسی انتقام پرکیس بنایا گیا۔

عدالت کا کہنا ہےکہ وکیل صفائی کے مطابق ثبوت فرد جرم عائد کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہےکہ  شہبازگل کے خلاف وفاقی حکومت کی دی گئی کیس کی اجازت ریکارڈ پر ہے، ابھی تک شہبازگل پر فردجرم عائد نہیں کی گئی، شہبازگل کے خلاف ابھی ثبوت اور گواہان کے بیانات قلمبند نہیں ہوئے، جرح  میں شہبازگل کے پاس ثبوتوں اور گواہان کے بیانات پر سوالات کا اختیار  ہوگا، شہبازگل کا مقدمے سے تعلق جوڑنےکے لیے ریکارڈ پر اطمینان بخش ثبوت موجود ہیں۔

عدالت نے مزید کہا ہےکہ شہبازگل دوران سماعت اپنے دیےگئے بیان سے کبھی انکاری نہیں ہوئے،کیس اس اسٹیج پر نہیں جہاں یو ایس بی کے اصلی یا نقلی ہونے  پر  رائے بنائی جائے، شہبازگل کی جانب سے دائر بریت کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

مزید خبریں :