Time 15 فروری ، 2023
پاکستان

پنجاب میں انتخابات: سپریم کورٹ کی الیکشن کمیشن کو ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کی ہدایت

لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں گورنر سے مشاورت کا بھی کہا ہے، ڈی جی لا، ہائیکورٹ نے اگر یہ حکم دیا ہے تو اسی پر عمل کریں: چیف جسٹس کی ہدایت— فوٹو: فائل
لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں گورنر سے مشاورت کا بھی کہا ہے، ڈی جی لا، ہائیکورٹ نے اگر یہ حکم دیا ہے تو اسی پر عمل کریں: چیف جسٹس کی ہدایت— فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔

سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے پنجاب میں منحرف اراکین کی ڈی سیٹ ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اب تو پنجاب اسمبلی میں بحالی کی بات ہی ختم ہوگئی ہے، الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا حکم ہائیکورٹ نے دیا ہے اس پر کیا کر رہے ہیں؟ 

الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء نے کہا کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب کے ساتھ الیکشن کمیشن حکام کا اجلاس ہوا، گورنر پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کا کہا ہے۔ 

اس پر جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے مشورے کیوں کر رہا ہے؟ کیا آئین الیکشن کمیشن کو انتخابات سے پہلے گورنرز سے مشاورت کا پابند کرتا ہے؟ 

ڈی جی لاء نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں گورنر سے مشاورت کا بھی کہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہائیکورٹ نے اگر یہ حکم دیا ہے تو اسی پر عمل کریں۔

بعدازاں عدالت نے منحرف اراکین کی درخواستیں غیرمؤثر ہونے پرخارج کردیں۔

مزید خبریں :