15 فروری ، 2023
کرکٹ میں نیا ٹیلنٹ روشناس کرانے کے بعد لاہور قلندرز نے ہاکی کی اونچی اڑان کا بھی بیڑہ اٹھا لیا۔
قلندرز ہاکی لیگ کا اعلان کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا کا کہنا تھا کہ جس طرح پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام سے کرکٹ کو نیا ٹیلنٹ ملا اسی طرح ہاکی کے ٹیلنٹ کو بھی سامنے لانا چاہتے ہیں تاکہ ہاکی کا سنہری دور واپس آسکے۔
عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی کراچی اور حارث رؤف لاہور ہاکی ٹیم کے برانڈ ایمبیسڈر ہوں گے۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کی قیادت کرنے والے شاہین آفریدی نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کی بحالی ہوگئی تو مجھے بہت خوشی ہوگی، مجھے کھیلوں سے گہرا لگاؤ ہے، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، اس کا فروغ ضروری ہے، ہم سب نے مل کر پاکستان کو آباد رکھنا اور اسے ترقی دیناہوگا، ہم سب کو مل کر اپنے ملک کو چلانا ہے، مجھے ہاکی کا زیادہ علم نہیں ہے، ہر چیز اپنے مراحل سے گزر کر ہوتی ہے، ہاکی لیجنڈز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
قبل ازیں قلندرز پلیئر ڈویلپمنٹ ہاکی پروگرام کے تحت سندھ حکومت، پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اور لاہور قلندرز کے درمیان معاہدہ ہوا۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ، لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا، لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید، سابق ہاکی کپتان و چیف سلیکٹر اولمپئن کلیم اللہ اور اولمپئن ناصر علی بھی موجود تھے۔
عاطف رانا کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی طرح ہم ہاکی میں بھی پلیئر ڈویلپمنٹ کرنا چاہتے ہیں،کراچی اور لاہور کی دو ٹیمیں بنائیں گے، ہر ٹیم کیلئے ملک بھر سے 22،22 کھلاڑیوں کا اہلیت کی بنیاد پر انتخاب کریں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز منعقد کرائی جائے گی، تمام کھلاڑیوں کو ایک سال کی اسکالر شپ دی جائے گی، ان ٹیموں کو دنیا کے مختلف ممالک کے دورے بھی کرائے جائیں گے، شراکت میں پاکستان ہاکی فیڈریشن اور سندھ حکومت کا تعاون قابل قدر ہے، ہمارا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ نے کہا کہ سندھ حکومت قومی کھیل کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے پی ایچ ایف اور فرنچائز سے مکمل تعاون کرے گی،عبد الستار ہاکی اسٹیڈیم کیلئے پی ایچ ایف کو 40 کروڑ دیے جارہے ہیں۔
قومی فیڈریشن کے سیکرٹری سید حیدر حسین نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کیلئے لاہور قلندرز کی کاوش قابل قدر ہے، پروگرام سے مستقبل میں اچھے کھلاڑی سامنے آنے کی توقع ہے جبکہ اس سے ملک میں ہاکی کو ترقی اور تقویت ملے گی، لاہور قلندرز اور سندھ حکومت کی طرح دیگر ادارے اور صوبائی حکومتیں بھی آگے بڑھ کر قومی کھیل کو دوام بخشنے میں اپنا کردار ادا کریں۔