پاکستان
Time 16 فروری ، 2023

مبینہ آڈیو لیک پر پرویز الٰہی اور صدر سپریم کورٹ بار کا مؤقف سامنے آگیا

آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی گئی، محمد خان بھٹی کیس پر وکیل سےگفتگو کو ٹیپ کر کے غلط رنگ دیا گیا: پرویز الٰہی۔ فوٹو فائل
 آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی گئی، محمد خان بھٹی کیس پر وکیل سےگفتگو کو ٹیپ کر کے غلط رنگ دیا گیا: پرویز الٰہی۔ فوٹو فائل

لاہور: مبینہ آڈیو لیک پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری کا بیان سامنے آیا ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چوہدری پرویز الٰہی اور عابد زبیری کی مبینہ آڈیو لیک جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

اس حوالے سے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی گئی، محمد خان بھٹی کیس پر وکیل سےگفتگو کو ٹیپ کر کے غلط رنگ دیا گیا، محمد خان بھٹی 10 دن سے لاپتا ہیں، ان کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا ن لیگ کی قیادت عدلیہ کے ادارے کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے۔

صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے پرویز الہٰی کے ساتھ لیک آڈیو سے متعلق بیان میں کہا کہ میرے حوالے سے آڈیو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا محمد خان بھٹی کا کیس سندھ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے، محمد خان بھٹی کیس کا سپریم کورٹ سے تعلق نہیں ہے۔

عابد زبیری کا کہنا تھا غلام محمود ڈوگر کا نومبر 2022 سے وکیل ہوں، توڑ مروڑ کر پیش کی گئی آڈیو کو جاری کرنے والے جھوٹے اور بدنیت ہیں۔

صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے لیک ہونے والی آڈیو کو عدلیہ کی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آڈیو سے بار کی قانون کی بالا دستی، جمہوری اور آئینی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی، آڈیو لیک جیسے گرے ہوئے حربے بار کی جدوجہد نہیں روک سکتے۔

مزید خبریں :