17 فروری ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز کےبیٹر حیدر علی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے دونوں میچز ہار گئے، شکست کا ذمہ دار کسی کو قرار نہیں دیا جاسکتا، دونوں میچز جیت کے قریب پہنچ کر ہارے ہیں۔
کراچی میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدرعلی نے کہا کہ دو میچ ضرور ہار گئے لیکن کوشش ہے کم بیک کریں، ہوم گراؤنڈ پر باقی دو میچز ہمارے لیے بہت اہم ہیں، پوری کوشش ہوگی دونوں میچز جیتیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کبھی بھی کوئی نمبر مل جاتا ہے، جس نمبر پر جگہ ملے گی، میں پرفارم کروں گا، ٹیم جس نمبر پر بھیجے میں تیار ہوں، مجھے کسی بھی نمبر بھیجیں ہدایت یہ ہوتی ہے کہ اپنی بیسٹ کرکٹ کھیلیں۔
حیدر علی کا کہنا تھا کہ دو اوورز پہلے اسلام آباد نے ہدف مکمل کیا، میچ میں ایسا ہوتا رہتا ہے، ڈیو فیکٹر تھا ہوسکتا ہے اس وجہ سے زیادہ اچھی بولنگ نہیں ہوسکی، کھلاڑی کوشش کرتا ہے، کوئی بھی یہ نہیں چاہتا رنز کم بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ منیجمنٹ کی جانب سے مکمل سپورٹ ہے، وسیم اکرم بھائی بہت کچھ سکھاتے ہے، انہوں نے نیچرل گیم کھیلنے کا کہا ہے۔