19 فروری ، 2023
ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو استعمال کرنے والے صارفین ہی ٹیکسٹ میسجز (ایس ایم ایس) کو 2 فیکٹر authentication (2 ایف اے) کے لیے استعمال کرسکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ 20 مارچ کے بعد ٹوئٹر بلیو کے صارفین کو ہی یہ سہولت دستیاب ہوگی۔
2 ایف اے بنیادی طور پر اکاؤنٹس کو محفوظ بنانے میں مدد فراہم کرنے والا فیچر ہے۔
ٹوئٹر کے عام صارفین 20 مارچ کے بعد 2 ایف اے کو ایس ایم ایس کے ذریعے استعمال نہیں کر سکیں گے اور جن اکاؤنٹس نے ٹیکسٹ میسج 2 ایف اے فیچر کو ان ایبل کیا ہوا ہے، ان میں یہ سروس ڈس ایبل ہو جائے گی۔
آسان الفاظ میں یہ کمپنی اب 2 ایف اے کو بھی پیسے کمانے کا ذریعہ بنانا چاہتی ہے۔
2 ایف اے کو استعمال کرنے والے صارفین کو اکاؤنٹ پر لاگ ان ہونے کے لیے پاس ورڈ کے ساتھ ساتھ ایس ایم ایس، authentication ایپ یا کسی سکیورٹی کی (key) کو استعمال کرنا پڑتا ہے۔
ٹوئٹر کا ماننا ہے کہ فون نمبر پر مبنی 2 ایف اے کو ہیکرز کی جانب سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے بھی اس حوالے سے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ کمپنی کی پالیسی کو تبدیل کیا جا رہا ہے، کیونکہ ٹوئٹر کو scam ایس ایم ایس کی وجہ سے ہر سال 6 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے۔