Geo News
Geo News

Time 19 فروری ، 2023
پاکستان

آڈیو لیکس قاتلانہ حملے کی سازش کو چھپانے اور عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش قرار

عدلیہ کو دباؤ میں لانے کے لیے سپریم کورٹ کے ایک جج کی آڈیو لیک کی گئی: عمران خان — فوٹو: فائل
عدلیہ کو دباؤ میں لانے کے لیے سپریم کورٹ کے ایک جج کی آڈیو لیک کی گئی: عمران خان — فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے آڈیو لیکس کو خود  پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی سازش کرنے والوں کو بچانے اور عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش قرار  دے دیا۔

اپنے ویڈیو خطاب میں عمران خان نے کہا کہ منصوبہ سازوں نے قاتلانہ حملے کو ایک مذہبی جنونی کی کارروائی قرار دیا تھا مگر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے عدالت کو تین شوٹرز کی موجودگی کا بتایا، منصوبے کو چُھپانے کی کوشش کرنے والے ہی قاتلانہ حملے میں ملوث ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جب کسی کو بلیک میل کرنا ہوتا ہے تو اس کی ٹیپ لیک کر دی جاتی ہے، یاسمین راشد کی ٹیپ ریلیز کرنے کا مقصد سی سی پی او  لاہور غلام محمود ڈوگر کو آنے سے روکنا اور تفتیش متاثر کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کو دباؤ میں لانے کے لیے سپریم کورٹ کے ایک جج کی آڈیو لیک کی گئی، مریم نواز نے خود اعلان کیا کہ اُن کے پاس آڈیوز اور  ویڈیوز ہیں، اب تو جنرل باجوہ نے بھی کہہ دیا ہے کہ اُن کے پاس بھی آڈیوز اور ویڈیوز  موجود ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اُن کی سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ آڈیو لیکس کے معاملے پر اُن کی درخواست جلد سُنی جائے۔