21 فروری ، 2023
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق چیئرمین آفتاب سلطان نے عہدے سے مستعفی ہونے کی وجہ بتادی۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا کہ میں نے کچھ دن پہلے استعفا دیا تھا اور مجھے کچھ چیزوں کے بارے میں کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بتایا کہ میں شرائط کےساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتا، میرا استعفیٰ قبول کرلیا گیا ہے اور ہمارا اختتام اچھے موڑ پر ہوا ہے، وزیراعظم نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا، میری بھی ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔
ذرائع کے مطابق آفتاب سلطان قانون کے مطابق چیزوں کو کرنے کے حق میں تھے اور ان پر گرفتاریوں کے لیے دباؤ تھا۔
ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی کے مطابق آفتاب سلطان نے کسی کی خواہش پر کام کرنے سے انکار کردیا تھا، وہ نہیں چاہتے تھےکہ وہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی طرح کا کردار ادا کریں۔
آفتاب سلطان کا تعلق پولیس سروس پاکستان سے ہے اور وہ گریڈ 22 کے آفیسر ہیں، آفتاب سلطان ڈی جی آئی بی سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی تعینات رہے۔
آفتاب سلطان نے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ریٹائرمنٹ کے بعد جولائی 2022 کو نیب کی سربراہی سنبھالی تھی۔