Time 21 فروری ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

وہ ملک جو دنیا میں 6 جی ٹیکنالوجی سب سے پہلے متعارف کرانے کیلئے تیار

دنیا کے متعدد ممالک ابھی تک 5 جی ٹیکنالوجی ہی متعارف نہیں کراسکے / فائل فوٹو
دنیا کے متعدد ممالک ابھی تک 5 جی ٹیکنالوجی ہی متعارف نہیں کراسکے / فائل فوٹو

پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں ابھی تک ففتھ جنریشن (5 جی) ٹیکنالوجی متعارف نہیں ہوسکی مگر ایک ملک اس سے بھی زیادہ جدید سیلولر ٹیکنالوجی لانچ کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔

جنوبی کوریا کی جانب سے 5 سال کے اندر  6 جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارت سائنس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 6 جنریشن نیٹ ورک سروسز کو 2028 تک جنوبی کوریا میں متعارف کرایا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل تخمینہ لگایا گیا تھا کہ دنیا میں 6 جی ٹیکنالوجی کی آمد 2030 سے قبل ممکن نہیں ہوسکے گی۔

جنوبی کورین حکومت کی جانب سے اس مقصد کے لیے آلات، پرزہ جات اور دیگر مواد کی تیاری کے لیے مقامی کمپنیوں کو مراعات فراہم کی جائیں گی۔

اسی طرح 6 جی نیٹ ورک کے لیے سپلائی چین کو بھی مضبوط بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

اس منصوبے کے ذریعے جنوبی کوریا باقی دنیا کو 6 جی ٹیکنالوجی کے حوالے سے پیچھے چھوڑنا چاہتا ہے۔

جنوبی کوریا کی جانب سے 2022 میں 5 جی ٹیکنالوجی کے 25.9 فیصد پیٹنٹس رجسٹر کرائے گئے تھے جبکہ چین 26.8 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا۔

جنوبی کوریا کی حکومت کو توقع ہے کہ وہ 30 فیصد یا اس سے زیادہ 6 جی پیٹنٹس کو رجسٹر کرانے میں کامیاب رہے گی۔

6 جی ٹیکنالوجی کے بارے میں ابھی کچھ زیادہ تفصیلات تو موجود نہیں مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی مدد سے ہولوگرافک کمیونیکیشن کو سائنس فکشن سے نکال کر حقیقت بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں :