21 فروری ، 2023
ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے قبل میں نے بہت محنت کی ہے، پاکستان کپ کے بعد صرف ایک دن کیلئے گھر گیا تھا، میں نے 10 روز اپنی پاک لائن اکیڈمی اور این ایچ پی سی میں بہت محنت کی ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے محنت کا فائدہ ہوا ہے اور اب میں پی ایس ایل کا ٹاپ بولر ہوں، میں محنت کر رہا ہوں مجھے پاکستان کی کیپ ملنے کی امید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سوات کے علاقے مٹہ کا رہنے والا ہوں، ساری کرکٹ وہیں پر کھیلی، پھر مردان میں ٹرائلز دیے، شروع میں جب منتخب نہ ہوا، تو مایوس نہ ہوا، اپنی محنت جاری رکھی اور سلیکشن میں کامیاب ہوا۔
احسان اللہ نے کہا کہ پی ایس ایل سے قبل مجھے توقع تھی کہ میں اچھی پرفارمنس دوں گا، میرا ٹارگٹ یہی ہے کہ مجھے پی ایس ایل کا ٹاپ بولر بننا ہے اور ملتان سلطانز کو چیمپئن بنانا ہے، ہم ضرور ٹرافی جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بابراعظم بین الاقوامی کرکٹ کے ٹاپ بیٹر ہیں انہیں آؤٹ کر کے خوشی ہوتی ہے، اب تک میری فیورٹ وکٹیں بابراعظم اور جیسن رائے کی وکٹیں ہیں۔
احسان اللہ کا کہنا تھا کہ وقار یونس میرے فیورٹ بولر ہیں، انہوں نے میرے ساتھ بہت کام کیا ہے، انہوں نے میرا رن اپ اور کلائی کی پوزیشن کو درست کیا۔