Time 22 فروری ، 2023
پاکستان

کراچی پولیس آفس پر حملے کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کیوں نہ بن سکی؟ وجہ سامنے آگئی

آپریشن کے دوران پولیس آفس کی بجلی بند کرنے کی وجہ سے ملزمان کے صرف میزنائن فلور تک پہنچنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بن سکی— فوٹو: فائل
آپریشن کے دوران پولیس آفس کی بجلی بند کرنے کی وجہ سے ملزمان کے صرف میزنائن فلور تک پہنچنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بن سکی— فوٹو: فائل

کراچی کے پولیس آفس پر دہشتگردوں کے حملے کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج نہ بننے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔

کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں کے حملے کے دوران جانی نقصان سے بچنے کیلئے پولیس انتظامیہ کی جانب سے تمام فلورز کی بجلی بند کر دی گئی تھی اور اس وجہ سے سی سی ٹی وی کیمرے بھی بند ہوگئے تھے۔

آپریشن کے دوران پولیس آفس کی بجلی بند کرنے کی وجہ سے ملزمان کے صرف میزنائن فلور تک پہنچنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بن سکی جس کے بعد بجلی بند کر دی گئی تھی۔

بجلی بند ہونے کے بعد سی سی ٹی وی کیمرے بند ہوجانے کے باعث تفتیشی حکام کو کراچی پولیس آفس کی دیگر منزلوں پر سکیورٹی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان ہونے والی لڑائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں مل سکی۔

کے پی او اسٹاف کے مطابق حملے کے دوران پولیس آفس میں پھنسے کئی اہلکاروں نے موبائل فون بند کر دیے تھے جبکہ بیشتر نے موبائل فون کی رنگ ٹونز بھی بند کر دی تھیں۔

یاد رہے کہ جمعہ کو کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشتگروں کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا تھا۔

مزید خبریں :