Time 22 فروری ، 2023
پاکستان

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم کا کے پی او آفس کی عمارت کا دورہ

فوٹو:  کراچی پولیس
فوٹو:  کراچی پولیس

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کراچی پولیس آفس( کے پی او)  میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں بلڈنگ کے متاثرہ حصوں کا بغور جائزہ لیا۔

اس دوران ڈی آئی جی ایڈمن ، ڈی آئ جی ٹریفک اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

کراچی پولیس چیف نے بلڈنگ کے تمام تر فلورز اور کمروں کا دورہ کیا اور دہشت گردوں کے حملے کے دوران بلڈنگ کے کمروں میں موجود اسٹاف سے تفصیلی معلومات حاصل کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرنے پر ان کو شاباش دی۔

پولیس چیف نے مزید کہا کہ آتشی ہتھیاروں اور دھماکا خیز مواد سے مسلح دہشت گردوں کا مقصد پولیس کو بھاری جانی نقصان پہنچانا تھا مگر پولیس افسران کی بہترین حکمت عملی اور فوری ایکشن سے دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں بری طرح ناکام ہوئے اور شرم ناک شکست کا سامنا کرتے ہوئے بالآخر جہنم واصل ہوئے۔

فوٹو: کراچی پولیس
فوٹو: کراچی پولیس

کراچی پولیس چیف نے احکامات دیے کہ ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ حصوں پر مرمت کا کام شروع کیا جائے اور جلد از جلد کام کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر پولیس آفس مکمل آپریشنل کیاجائے۔

کراچی پولیس چیف نے بلڈنگ کی سکیورٹی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں اور اس کو مزید بہتر کرنے کے احکامات جاری کیے ۔

اس حوالے سے سکیورٹی کے عملے میں اضافہ اور ایک جامع ایس او پی ترتیب دینے کی ہدایات جاری کیں ۔

ایس او پی کا مقصد یہ ہے کہ آئندہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ڈی آئی جیز ، ایس ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز اپنی تفویض شدہ ذمہ داریوں پر مکمل یکسوئی سے عمل کریں اور تمام سینیئر افسران اس پر عمل کرائیں۔

فوٹو: کراچی پولیس
فوٹو: کراچی پولیس

بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے پی او پر دہشتگردوں کے حملے کے دوران مقابلہ میں زخمی ہوئے والے انسپیکٹر غلام حسین کورائی کی عیادت کے لئےان کی رہائش گاہ پر پہنچے اور پھولوں کا دستہ پیش کرتے ہوئے کامیاب آپریشن پر مبارک باد دی۔

اس موقع پر پولیس چیف نےان کے اہل خانہ کو پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید خبریں :