Time 23 فروری ، 2023
انٹرٹینمنٹ

سارو گنگولی کی زندگی پر بننے والی فلم میں کونسا اداکار کام کرے گا؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار کا نام سامنے آیا ہے۔

2021 میں سارو گنگولی نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا  تھا کہ فلم ہندی زبان میں بنائی جائے گی جس کا نام اور دیگر تفصیلات تاحال واضح نہیں۔

تاہم فلم کے ہیرو کے حوالے سے بھارتی میڈیا کا دعویٰ سامنے آیا ہے کہ سارو گنگولی کی زندگی پر بننے والی فلم میں  بالی وڈ کے سپر اسٹار رنبیر کپورکرکٹر کے کردارمیں نظر آئیں گے۔

اس سے قبل ہریتھک روشن یا سدھارتھ ملہوترا کے اس فلم میں کام کرنے کے حوالے سے افواہیں گردش میں تھیں۔

واضح رہے کہ سارو گنگولی کی زندگی پر بننے والی فلم کا اعلان 2019 میں کیا گیا تھا تاہم 2021 میں کرکٹر نے اس بات کی تصدیق کی تھی اور فلم میں اپنے کردار کیلئے اداکار رنبیر کپور کا نام تجویز کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اس فلم کی کہانی کرکٹر کی ذاتی زندگی سے لے کر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور پھر بی سی سی آئی کے صدر بننے تک پر مشتمل ہوگی۔

واضح رہے کہ فلم کی کاسٹ کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ 

 اس سے قبل بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ایم ایس دھونی کی زندگی پر بھی فلم بن چکی ہے جس میں آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ سچن ٹنڈولکر پر بننے والی فلم اے بلین ڈریمز میں انہوں نے اپنا کردار خود نبھایا تھا۔

اس کے علاوہ 1983 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو پہلا ورلڈکپ جتوانے والے کپل دیو کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں اداکار رنویر سنگھ مرکزی کردار میں نظر آئے تھے۔

مزید خبریں :