دنیا
Time 23 فروری ، 2023

کووڈ کا ڈر: تین سال سے بیٹے سمیت خود کو گھر میں بند کرنیوالی خاتون کیخلاف مقدمہ درج

بھارت کے شہر گورورام میں ایک خاتون نے عالمی وبا کورونا وائرس کے خوف سے اپنے 10 سالہ بچے سمیت خود کو گھر میں قید کر رکھا تھا/ فوٹو بھارتی میڈیا
بھارت کے شہر گورورام میں ایک خاتون نے عالمی وبا کورونا وائرس کے خوف سے اپنے 10 سالہ بچے سمیت خود کو گھر میں قید کر رکھا تھا/ فوٹو بھارتی میڈیا

بھارت کے شہر گورورام میں ایک خاتون نے عالمی وبا کورونا وائرس کے خوف سے اپنے 10  سالہ بچے سمیت خود کو گھر میں قید کر رکھا تھا جسے اب پولیس نے ریسکیو کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 35 سالہ خاتون نے اپنے شوہر کو گھر سے نکالا اور خود کو بیٹے سمیت کورونا کے ڈر سے گھر میں قید کرلیا، شوہر کی جانب سے بیوی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق خاتون نے دھمکی دی تھی کہ اگر حکام نے بچے کو نکالنے کی کوشش کی تو وہ بیٹے کو قتل کر دے گی جب کہ شوہر نے دعویٰ کیا کہ اس کی اہلیہ کا دماغی توازن درست نہیں۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے ماں اور بیٹے کو گھر سے نکالنے کے لیے چائلڈ ویلفیئر ٹیم کی مدد لی، بعدازاں ماں اور بچے کو گھر سے نکالنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ کمرے کے اندر کچرے کے ڈھیر دیکھ کر ضلعی انتظامیہ کے اہلکار دنگ رہ گئے اور انہوں نے بتایا کہ کمرے کے چاروں طرف تین سال کا بھرا ہوا کچرا تھا۔

اس سے قبل بھی خاتون کے شوہر نے  پولیس میں شکایت درج کرائی تھی لیکن اسے خاندانی معاملہ بتا کر مسترد کر دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :