24 فروری ، 2023
دنیا کے سب سے بڑے اور بھار ی بھرکم سورج مکھی کے پھول نے عالمی ریکارڈ اپنا نام کرلیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ساؤتھ ویلز کے قصبے کیمبران سے تعلق رکھنے والے کیون فورٹی نامی شخص نے دنیا کے سب سے بڑے سورج مکھی کے پھول کو اگایا، کیون فورٹی اس سے قبل بھی بھاری سورج مکھی کے پھول اگانے کا ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔
کیون فورٹی کے نئے بھاری بھرکم پھول کا وزن 6.44 کلو گرام ہے جس کے حوالے سے کہا جارہا ہے یہ 3 اینٹو ں یا 2 نومولود بچوں کے وزن کے برابر ہے جب کہ یہ پھول 2021 کے کیون فورٹی کے اگائے گئے پھول سے 1.23 کلو گرام زیادہ ہے۔
کیون فورٹی نے دنیا کے سب سے بڑے پھول کو مانسٹری پھول قرار دیا اور کہا کہ وہ اس کا وزن دیکھ کر دنگ رہ گئے تھے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس پھول کو گرمیوں میں مئی کے آخری ہفتے میں اگایا گیا تھا اور اس کی کاشت اکتوبر کے ماہ میں کی گئی پھول اس وقت اپنی 3.35 میٹر کی لمبائی کو پہنچا تھا۔
اس پھول کے بیج کو لگانے سے پہلے مٹی کے پی ایچ لیول کو مد نظر رکھا گیا جب کہ پانی کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ اس کی نشوونما کیلئے مختلف سپلیمنٹس کا بھی خیال رکھا گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق فورٹی خاندان کا یہ 8 واں عالمی ریکارڈ ہے، اس خاندان کے اب تک 4 ریکارڈز کو تاحال کوئی نہیں توڑ سکا ہے، ان میں دنیا کا سب سے بڑا سورج مکھی کا پتہ، سب سے بھاری چقندر، سب سے لمبا آلو کا پودا اور سب سے بڑا سورج مکھی کا پھول شامل ہے۔