Geo News
Geo News

Time 25 فروری ، 2023
دنیا

ماں کے مرنے پر لنگور کے بچے کے تڑپنے کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کو افسردہ کردیا

اپنی ماں کے مرنے پر لنگور کا بچہ رو پڑا جس کی ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی افسردہ ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ بھارتی ریاست آسام میں پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار گاڑی نے سڑک پار کرنے والی مادہ لنگور کو ٹکر مار دی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی جب کہ اس کی گود میں بچہ بھی تھا جو حادثے میں محفوظ رہا۔

انڈین فوریسٹ سروس  کے ایک افسر  کی جانب سے اس ویڈیو کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا گیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مادہ لنگور سڑک پر مردہ پڑی ہے جب کہ اس کا بچہ اپنی ماں کے پاس بیٹھ کر رو رہا ہے اور اپنی ماں کو اٹھانے کی بھی کوشش کرتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مادہ لنگور کے پاس لوگ بھی کھڑے ہیں جسے دیکھ کر لنگور کا بچہ چیخ وپکار بھی کرتا ہے۔

 افسر  کی جانب سے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا کہ مجھے یہ منظر بہت لمبے عرصے تک تکلیف پہنچاتا رہے گا، گولڈن لنگور کا آسام کی سڑک پر قتل ہوا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ بچے کو بچانے کے لیے تمام اقدام کیے گئے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بچے کے رونے اور ماں کے مرنے پر دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔

 
اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ