Time 26 فروری ، 2023
کھیل

اب تنقید کو نہیں سنتا، کوشش کرتا ہوں کارکردگی سے جواب دوں: اعظم خان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے کہا ہے کہ اب میں تنقید کو اتنا سنتا نہیں ہوں، میں زندگی میں تنقید سے کتنا دور بھاگوں گا، یہ سلسلہ تو چلتا رہنا ہے، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ منہ سے جواب دینے کے بجائے اچھا کھیل کر اپنی کارکردگی سے جواب دوں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ سب کو علم ہے کہ میں چھکے مارتا ہوں، میں ٹیم کی ضرورت اور صورتحال کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بیٹ پر گیند آ رہی تھی، گراؤنڈ اسٹاف نے بڑی اچھی پچز تیار کی تھیں، کراچی کے کراؤڈ نے بھی میری 97 رنز کی اننگز کو سراہا، گزشتہ میچ میں اچھی پرفارمنس رہی جس پر خوش ہوں۔

اعظم خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی خوبصورتی یہ ہے کہ بڑے سنسنی خیز میچز ہوتے ہیں، اصل مزہ ہی یہی ہے کہ ایک دوسرے سے رقابت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مجھے پلئیر بنانے میں بہت ہاتھ ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ میں جا کر میری پرفارمنس مزید بہتر ہوئی ہے، انہوں نے مجھ پر بہت اعتماد کیا ہے جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں جب مجھ سے مزاحیہ سوالات ہوتے ہیں تو مزہ آتا ہے اور جواب دینا بھی اچھا لگتا ہے۔

اعظم خان کا کہنا تھا کہ میرے والد مجھ پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

مزید خبریں :