اے آئی ٹیکنالوجی 17 گھنٹے تک لڑاکا طیارے کو اڑانے میں کامیاب

یہ وہ طیارہ ہے / فوٹو بشکریہ یو ایس ائیر فورس
یہ وہ طیارہ ہے / فوٹو بشکریہ یو ایس ائیر فورس

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو زندگی کے مختلف شعبوں میں استعمال کیا جارہا ہے۔

مگر اب پہلی بار اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک لڑاکا طیارے کو اڑانے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے۔

امریکا کے محکمہ دفاع نے انکشاف کیا ہے کہ ایف 16 سے ملتے جلتے ایک لڑاکا طیارے کو 12 پروازوں کے دوران اے آئی ٹیکنالوجی نے 17 گھنٹوں تک کنٹرول کیا۔

دسمبر 2022 میں ریاست کیلیفورنیا کی ایڈورڈ ائیر بیس میں موجود ایک تجرباتی طیارے ایکس 62 اے وسٹا کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

4 مختلف اے آئی الگورتھمز نے الگ الگ پروازوں میں اس طیارے کا کنٹرول سنبھالا تھا، البتہ کسی ممکنہ حادثے کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے طیارے میں پائلٹ موجود تھا، مگر اسے طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی ضرورت نہیں پڑی۔

اے آئی ٹیکنالوجی نے فضا میں ڈاگ فائٹ کا بھی مظاہرہ کیا۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق یہ پہلی بار تھا جب اے آئی ٹیکنالوجی کو اس طرح کے مظاہرے کے لیے استعمال کیا گیا۔

یہ بنیادی طور پر امریکی فضائیہ اور ڈیفنس ریسرچ پراجیکٹس ایجنسی کے ایک مشترکہ منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد جدید ترین خودکار پرواز کی صلاحیت رکھنے والی ٹیکنالوجیز کو تیار کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مستقبل قریب میں اس طرح کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ نئی ٹیکنالوجیز کی جانچ پڑتال ہوسکے۔

مزید خبریں :