Time 27 فروری ، 2023
پاکستان

اٹلی میں کشتی حادثہ: 20 پاکستانی سوار تھے 16 کو ریسکیو کیا گیا، پاکستانی سفیر

ڈوبنے والی کشتی پر سوار مزید 4 پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں، حادثے میں کتنے پاکستانی جاں بحق ہوئے، ابھی تصدیق نہیں کر سکتے: سفیر پاکستان— فوٹو: فائل
 ڈوبنے والی کشتی پر سوار مزید 4 پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں، حادثے میں کتنے پاکستانی جاں بحق ہوئے، ابھی تصدیق نہیں کر سکتے: سفیر پاکستان— فوٹو: فائل

اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید نے کہا ہے کہ کشتی حادثے میں کتنے پاکستانی جاں بحق ہوئے، ابھی تصدیق نہیں کر سکتے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں علی جاوید کا کہنا تھاکہ کلابریا کے ساحل پرکشتی ڈوبنے کے واقعے میں 16 پاکستانیوں کو ریسکیوکیاگیا اور انہوں نے بتایا کشتی پر 20 پاکستانی سوار تھے۔

ان کا کہنا تھاکہ ڈوبنے والی کشتی پر سوار مزید 4 پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں، کشتی حادثے میں کتنے پاکستانی جاں بحق ہوئے، ابھی تصدیق نہیں کر سکتے۔

پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نائب سفیر فرحان احمد نے متعلقہ جگہ کا دورہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ڈوبنے والی کشتی پر سوارپاکستانیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر غیرمصدقہ معلومات زیرگردش ہیں لہٰذا پاکستانی عوام اطالوی ساحل پرکشتی حادثے میں غیرمصدقہ معلومات پرکان نہ دھریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ترکیہ سے اٹلی جانے والے غیرقانونی مہاجرین کی کشتی سمندر میں چٹان سے ٹکرا کر ڈوب گئی جس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت 59 افراد ہلاک ہوئے اور کئی لاپتہ ہیں۔

سفارتخانے نے ابتدائی طور پر  28 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی اور  12 لاپتہ قرار دیے تھے۔

مزید خبریں :