کراچی: نجی اسکول میں بوتل سے طالبعلم کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج

ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ اسکولز نے نجی اسکول انتظامیہ کو واقعے کا ذمہ دار قرار دے دیا— فوٹو:فائل
ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ اسکولز نے نجی اسکول انتظامیہ کو واقعے کا ذمہ دار قرار دے دیا— فوٹو:فائل

کراچی کے علاقے ماڈل کالونی کے نجی اسکول میں فن گالا کے دوران مشروب کی بوتل سے طالب علم کے زخمی ہونے کے واقعے کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

24 فروری کو ماڈل کالونی کاظم آباد کے نجی اسکول میں پانچویں کلاس کے طالب علم حذیفہ کے زخمی ہونے پر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ اسکولز نے اپنی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق واقعے کے روز پانچویں کلاس کا فن گالا نہیں تھا، حذیفہ اکیلا کھانے کے اسٹال پر گیا اور کولڈرنک کی بوتل کھولتے ہوئے اسے کانچ گردن میں لگا تاہم کولڈرنک کا اسٹال لگانے کی اجازت اسکول انتظامیہ نے دی تھی۔ 

ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ جاوید کا رپورٹ میں کہنا ہے کہ غیر ذمہ داری اور غفلت برتنے پر اسکول کی رجسٹریشن معطل کر کے 75ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ حذیفہ کے تمام طبی اور کلاس دس تک تعلیمی اخراجات نجی اسکول برداشت کرے گا۔

دوسری جانب حذیفہ کو شدید تشویشناک حالت میں سول اسپتال کے آئی سی یو وارڈ منتقل کردیا گیا۔

واقعے کا مقدمہ حذیفہ کے والد کی مدعیت میں اسکول انتظامیہ کے خلاف درج کیا گیا ہے، والدہ کا کہنا ہے کہ بچے کو تاخیر سے اسپتال پہنچایا گیا۔

مزید خبریں :