28 فروری ، 2023
کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں بیوی نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کردیا۔
خاتون ریحانہ نے 12 فروری کو اپنے شوہر کو اس کے بھتیجے علی گل کے ساتھ مل کر چھریوں کے وار کرکے قتل کیا۔
رپورٹس کے مطابق ملزمہ ریحانہ اور علی گل کے آپس میں ناجائز تعلقات تھے،ملزمہ نے شوہر کو قتل کرنے کے لیے حیدرآباد سے ملزم علی گل کو بلایا،ملزمہ نے پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے مقدمے میں 3افراد کو شامل کیا جن کے ساتھ ملزمہ کا پلاٹ کے معاملہ پر جھگڑا چل رہا تھا۔
زمان ٹاؤن تھانے کی انوسٹی گیشن ٹیم نے چھاپہ مار کر قتل میں ملوث خاتون اور مرد گرفتار کرلیے،گرفتار ملزمان میں مقتول کی بیوی اور اس کا بھتیجا شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شک کی بنیاد پر ریحانہ کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو ملزمہ نے علی گل کے ساتھ مل کر شوہر کے قتل کا اعتراف کرلیا،ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
مقتول اپنا رکشہ چلاتا تھا، مقتول اور ملزمہ کی شادی کو 15 سال ہوگئے تھے اور ان کے 7 بچے تھے۔