28 فروری ، 2023
دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی معروف پریزینٹر زینب عباس نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کام کرنے سے متعلق اظہار خیال کیا ہے۔
حال ہی میں یوٹیوب پر دیے انٹرویو میں زینب نے کہا کہ اگر موقع ملا تو وہ آئی پی ایل میں کام ضرور کریں گی۔
زینب عباس نے کہا میرا نہیں خیال کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کام کو لے کر سیاست آنی چاہیے، خاص طور پر کھیل کے شعبے میں سیاست بالکل نہیں رکاوٹ بننی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل ہمارے درمیان فاصلے کو ختم کرتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔
زینب کا مزید کہنا تھا کہ ہم صرف عالمی ایونٹس جیسے آئی سی سی ٹورنامنٹس یا ایشیا کپ میں ایک دوسرے کے ساتھ نظر آتے ہیں، ہمیں سیاست کو ایک طرف رکھنے کی ضرورت ہے۔
آئی پی ایل سے متعلق سوال کیا گیا تو زینب نے کہا میرا خیال ہے کہ کام کو صرف کام کے طور پر لینا چاہیے، اگر مجھے موقع ملا تو میں ضرور آئی پی ایل میں جا کر کام کروں گی۔
پاکستانی پریزینٹر کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کام کے تعلقات دوبارہ شروع ہوں گے، بھارت یہاں آئے اور ہم وہاں کرکٹ کھیلنے جائیں۔
واضح رہے کہ زینب آئی سی سی کے متعدد ٹورنامنٹس میں بطور پریزینٹر کام کر چکی ہیں، انہوں نے دنیا کی مختلف لیگز میں بطور پریزینٹر پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔