کھیل
Time 07 نومبر ، 2022

جب زینب عباس نے سوریا کمار کو نمبر 1 بیٹر بننے کی خبر دی تو انہوں نے کیا کہا؟

یہاں تک پہنچنا بہت مشکل تھا لیکن اس پوزیشن کو برقرار رکھنا مشکل ترین ہے: سوریا کمار/ فوٹو انسٹاگرام
یہاں تک پہنچنا بہت مشکل تھا لیکن اس پوزیشن کو برقرار رکھنا مشکل ترین ہے: سوریا کمار/ فوٹو انسٹاگرام

بھارت کے اسٹائلش بیٹر سوریا کمار یادیو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی جانب سے جاری کردہ ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ سے لاعلم نکلے۔

گزشتہ ہفتے  ٹی ٹوئنٹی بیٹر کی نئی رینکنگ جاری کی گئی  جس کے مطابق سوریا کمار نے  پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سے پہلی پوزیشن چھین لی تھی جس کے ساتھ وہ  ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بیٹر بن گئے جب کہ قومی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اب دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس حوالے سے پاکستانی پریزینٹر زینب عباس جو ان دنوں آئی سی سی کی طرف سے آسٹریلیا میں موجود ہیں، انہوں نے سوریا کمار کا انٹرویو کیا جس کی ویڈیو آئی سی سی نے جاری کی۔

یہ انٹرویو بھارت اور بنگلادیش کے میچ کے بعد کیا گیا جس میں بھارت کو 5 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی تھی اور سوریا کمار نے 16 گیندوں پر 30 رنز بنائے تھے۔

زینب نے مختصر انٹرویو کے آغاز میں سوریا کمار کو مبارکباد پیش کی اور کہا 'آپ کو سب سے پہلے اپنی کامیابی پر مبارک ہو، آپ ٹی ٹوئنٹی کے نمبر وین بیٹر بن چکے ہیں'۔

جواب میں سوریا کمار نے حیرانی سے کہا 'کیا واقعی؟' جس پر زینب بولیں 'جی بالکل، کیا آپ کو اس بارے میں علم نہیں؟'

بھارتی بیٹر نے کہا 'نہیں مجھے اس کا علم نہیں تھا، میں نے ابھی اپنا فون اٹھایا تھا، مجھے فیملی اور دوستوں کے کئی پیغامات موصول ہوئے، یہ یقیناً میرے لیے بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ میں نے اس کے لیے کافی محنت کی ہے'۔

سوریا کمار نے زینب سے گفتگو میں کہا کہ 'یہاں تک پہنچنا بہت مشکل تھا لیکن اس پوزیشن کو برقرار رکھنا مشکل ترین ہے، یہ ایک چیلنج ہوگا اور میں اسے برقرار رکھنے کی پوری کوشش کروں گا'۔

مزید خبریں :