دنیا
Time 28 فروری ، 2023

روس کا پڑوسی ملک نیٹو میں شمولیت کیلئے سرگرم، بل پارلیمان میں پیش کردیا

فن لینڈ کے اراکین پارلیمنٹ کی بڑی تعداد عام انتخابات سے قبل ہی نیٹو میں شمولیت کے حامی ہیں: غیر ملکی میڈیا— فوٹو: فائل
فن لینڈ کے اراکین پارلیمنٹ کی بڑی تعداد عام انتخابات سے قبل ہی نیٹو میں شمولیت کے حامی ہیں: غیر ملکی میڈیا— فوٹو: فائل

فن لینڈ نے اپنے پڑوسی ملک اور فوجی پارٹنر سویڈن کو پیچھے چھوڑ کر، مغربی فوجی اتحاد نیٹو میں شمولیت کا بل پارلیمان میں پیش کردیا، کل ووٹنگ کا امکان ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سویڈن کے مقابلے میں کم سفارتی رکاوٹوں کے باعث فن لینڈ نے اپریل میں آنے والے عام انتخابات سے قبل ہی نیٹو میں شمولیت کے معاملات کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے بل پارلیمان میں پیش کر دیا۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فن لینڈ کے اراکین پارلیمنٹ کی بڑی تعداد عام انتخابات سے قبل ہی نیٹو میں شمولیت کے حامی ہیں، آج پیش کیے گئے بل پر بحث کے بعد کل ووٹنگ کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال یوکرین پر روسی حملے کے بعد فن لینڈ اور اس کے بعد سویڈن کی جانب سے نیٹو میں شمولیت کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے فن لینڈ کے صدرکو خبردار کیا تھا کہ فن لینڈ کی جانب سے عسکری غیر جانبداری کو ختم کرنا ایک غلطی ہوگی۔

دوسری جانب ترکیہ کی جانب سے فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی مخالفت کی گئی تھی، صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ انقرہ کیلئے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ یوکرین پر روسی جارحیت کے اس ماحول میں فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت کرے۔

مزید خبریں :