01 مارچ ، 2023
جاپانی شہنشاہ نارو ہیتو کی 63ویں سالگرہ کے موقع پر ہر سال کی طرح کراچی میں جاپانی قونصلیٹ کے تحت مقامی ہوٹل میں ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں گورنر سندھ، حکومت سندھ کی اہم شخصیات، سفیروں، سیاسی اور سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری تھے۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔
تقریب کے آغاز میں جاپان اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ کراچی میں تعینات جاپانی قونصل جنرل اودا گیری اور صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے تقریب سے خطاب کیا۔
تقریب میں جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو کی 63 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ گورنر سندھ نے جاپانی عوام کو ان کے قومی دن کے موقع پر مبارک باد دی اور جاپان حکومت کی جانب سے سیلاب کے متاثرین کے لیے دی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
گورنر سندھ نے قدرتی آفات کے نقصانات سے بحالی کی جدوجہد میں جاپان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کا اظہار کیا۔
کراچی میں جاپانی قونصل جنرل اودا گیری نے خطاب میں جاپان اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں، جاپان حکومت نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی 77 ملین امریکی ڈالرز امداد دی ہے۔
تقریب کے آخر میں معزز مہمانوں کے لیے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔