Time 01 مارچ ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

میٹا کا ایک حیرت انگیز ٹیکنالوجی کو واٹس ایپ کا حصہ بنانے کا اعلان

یہ اعلان مارک زکربرگ نے کیا / فائل فوٹو
یہ اعلان مارک زکربرگ نے کیا / فائل فوٹو

اگر آپ واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ بہت جلد اس میں چیٹ جی پی ٹی جیسے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹ کا اضافہ ہونے والا ہے۔

اس بات کا اعلان میٹا کے مالک مارک زکربرگ کی جانب سے کیا گیا۔

مارک زکربرگ نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے تخلیقی آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کو سروسز کا حصہ بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا پراڈکٹ گروپ تشکیل دیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے  واٹس ایپ اور میسنجر کے لیے ٹیکسٹ پر مبنی اے آئی ٹولز کی آزمائش سے آغاز ہوگا جو کہ ممکنہ طور پر چیٹ جی پی ٹی کی طرح کے چیٹ بوٹس ہوں گے۔

آغاز میں یہ بوٹس صارفین کے لیے تفریح کا ذریعہ ہوں گے مگر میٹا کی جانب سے بتدریج انہیں دیگر شعبوں کا حصہ بنایا جائے گا۔

میٹا کی جانب سے انسٹا گرام میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی فلٹرز اور اشتہاری فارمیٹس کے تجربات بھی کیے جا رہے ہیں۔

اس طرح کے اے آئی ٹول کافی عرصے سے موجود ہیں مگر اس ٹیکنالوجی کو چیٹ جی پی ٹی کی بدولت بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کو بنگ سرچ انجن اور ایج براؤزر کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اسی طرح گوگل کی جانب سے بارڈ نامی چیٹ بوٹ کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

میٹا کی جانب سے اس طرح کا اعلان حیران کن نہیں کیونکہ یہ کمپنی عرصے سے اے آئی ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے جبکہ مارک زکربرگ کا میٹا ورس کا منصوبہ بھی بہت زیادہ کامیاب ہوتا نظر نہیں آرہا۔

مزید خبریں :