01 مارچ ، 2023
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے دوران بجلی صارفین پر اضافی سرچارج لگانے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اضافی سرچارج ایک روپے 55 پیسے سے لے کر 4 روپے 45 پیسے فی یونٹ تک عائد ہوگا۔ اضافی سرچارج کا اطلاق ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا۔
خیال رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان پر بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے شدید دباؤ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے اسٹاف لیول معاہدے کیلئے پاکستان پر مزید 4 شرائط کا دباؤ ہے، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق بجلی 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنا ہوگی۔
یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ بجلی پر سرچارج 4 ماہ کے بجائے مستقل بنیادوں پر عائد کرنا ہوگا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر میں گندم کی قیمت 3900 روپے فی من اور رمضان ریلیف پیکج کیلئے 5 ارب روپے کی منظوری بھی دے دی۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ افراد کو 19 اشیائے ضروریہ پر یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے سبسڈی دی جائے گی، اجلاس میں کے الیکٹرک کیلئے یکساں ٹیرف کے اطلاق کی منظوری بھی دی گئی، یکساں ٹیرف کے نفاذ سے کے الیکٹرک صارفین کو مارچ سے اپریل ایک روپیہ 55 پیسے سے لے کر 4 روپے 45 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
آئی ایم ایف شرائط کے مطابق اگلے مالی سال بجلی پر اضافی سرچارج لگانے کی بھی منظوری دے دی گئی، کے الیکٹرک صارفین پر بھی یہ سرچارج عائد کیا جائے گا۔
پورٹس پر پھنسے کنٹینرز، کارگوز پر عائد اسٹوریج چارجز ختم کرنے کی منظوری دی گئی، پورٹس پر کھڑے کینٹینرز، کارگوز کو کلئیر کرنے اور اسٹوریج چارجز ختم کرنے کی ماہانہ رپورٹ دینا ہو گی، کراچی پورٹ پر پھنسے کنٹینرز پر 50 لاکھ روپے تک کے اسٹوریج چارجز معاف کرنے کی منظوری دی گئی، اسٹوریج چارجز کی معافی اسٹیٹ بینک سے سرٹیفکیٹ کیساتھ مشروط ہو گی۔
ای سی سی اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلئے 3 تکنیکی گرانٹس کی مد میں 1 ارب 33 کروڑ کی منظور دی گئی۔