02 مارچ ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز کے آسٹریلوی کرکٹر اور جارح مزاج بیٹر میتھیو ویڈ کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کا نیٹ رن ریٹ اسے ٹورنامنٹ میں بقا کی امیدیں دے رہا ہے، اگر اگلے تین میچز جیت لیے تو پلے آفس کیلئے کوالیفائی کر سکتے ہیں۔
پشاور زلمی کے خلاف میچ میں کنگز کی شکست، جو کہ عماد وسیم کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم کی7 میچز میں پانچویں شکست ہے،کے بعد پریس کانفرنس میں میتھیو ویڈ نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ کنگز نے بابر اعظم کی پشاور زلمی کو 7 رنز پر3 کھلاڑی آؤٹ کرنے کے بعد بڑا اسکور کرنے کا موقع دیا۔
میتھیو ویڈ نے کہا کہ پشاور زلمی کے خلاف کراچی کنگز نے شاندار آغاز کیا تھا، پہلے بولنگ میں زبردست شروعات کی، ایک ایسا اسٹارٹ جس کی ٹیم کو تلاش تھی اور پھر بیٹنگ میں بھی اچھا اسٹارٹ کیا لیکن مایوسی کی بات یہ ہے کہ دونوں شعبوں میں پشاور کو کم بیک کرنے کا موقع دے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مایوسی کی بات ہے کہ ایک ٹیم کو 7 رنز پر 3 کھلاڑیوں سے محروم کرنے کے بعد اسے 200 کے لگ بھگ رنز بنانے کا موقع دے دیا گیا، اس کے بعد بیٹنگ میں ہماری صورتحال ایسی ہوگئی کہ ہمیں 11،12 رنز فی اوورز درکار تھے جو کہ ہمیشہ آسان نہیں ہوتے، تو جو نتیجہ ہوا اس پر مایوسی ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عامر کو ایک اوور مزید کروا دینے کا فیصلہ آسان نہیں تھا کیوں کہ عامر اہم بولر ہے اور اننگز کے اختتام پر بھی اس کی اہمیت ہے، یہ ان فیصلوں میں سے ایک تھا جو کپتان فیلڈ پر لیتا ہے، کبھی ایسا فیصلہ حق میں آتا ہے، کبھی حق میں نہیں آتا، آج حق میں نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش تو تھی کہ میچ فنش کریں کیوں کہ بطور ٹاپ آرڈر بیٹر یہ ان کا کام ہے، وہ ایک ایسی گیند کی تلاش میں تھے جس کو ہٹ کرسکیں، مگر بدقسمتی سے جس گیند کو ہٹ کرنے کی کوشش کی اس کو مس کر گئے ۔
زلمی کے خلاف میتھیو ویڈ نے 41 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور وہ بارہویں اوور میں مجیب الرحمٰن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ ایک دو روز میں پھر سے موقع ملنا ہے اور اس بار کوئی غلطی کی گنجائش نہیں، کراچی کنگز کی پوری کوشش ہوگی کہ باقی تمام میچز جیت کر ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ تک جائے، نیٹ رن ریٹ خراب نہیں کیوں کہ کراچی کنگز جو میچز ہارا ہے وہ چھوٹے مارجن سے ہارا ہے اور یہ بہتر نیٹ رن ریٹ ٹورنامنٹ میں بقا کی امید ہے، کراچی کو اگلے تینوں میچز جیتنا ہے اور یہی ٹیم کا فوکس ہے، امید ہے نتائج ٹیم کے حق میں ہوں۔
واضح رہے کہ بدھ کو پشاور زلمی کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا سکی اور اسے 24 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔