فیکٹ چیک : گوگل پلے اسٹور پر دستیاب جعلی لون ایپلی کیشنز سے ہوشیار رہیں

گوگل پلے اسٹور پر متعدد موبائل ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کےلئے دستیاب ہیں جن کا یہ دعویٰ ہے کہ وہ کم شرحِ سود پر آسان قرضہ فراہم کرتی ہیں

صرف دس ایسی مائیکرو کریڈٹ ایپلی کیشنز ہی جو سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اور قانونی طریقے سے کام کر رہی ہیں۔

متعدد موبائل ایپلی کیشنز کا دعویٰ ہے کہ وہ پاکستانی شہریوں کو ان کے موبائل فون ڈیٹا بشمول فوٹو گیلری اور رابطہ لسٹ تک رسائی کے بدلے میں کم شرح سود پر آسان قرضہ فراہم کرتی ہیں۔

ان میں سے بہت ساری ایپلی کیشنز فراڈ ہیں۔

دعویٰ

گوگل پلے اسٹور پر متعدد موبائل ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کےلئے دستیاب ہیں جن کا یہ دعویٰ ہے کہ وہ کم شرحِ سود پر آسان قرضہ فراہم کرتی ہیں ۔

آسان قرضہ کے نام سے ایسی ہی ایک ایپلی کیشن کا دعویٰ ہے کہ ” یہ 100فیصد پیشہ ورانہ آن لائن قرض کی ایک ایپلی کیشن ہے، جو فوری طور پر کیش فراہم کرے گی۔“

”آسان قرضہ“ ایپلی کیشن کو گوگل سےاب تک ایک ملین سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا چکا ہے۔

حال ہی میں ایک ٹوئٹر صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ قرضہ دینے والی یہ ایپلی کیشنز ایک مرتبہ ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعدکسی بھی شخص کی ذاتی تصاویر، ویڈیوزاور کال ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لیتی ہیں۔

ٹوئٹر صارف نےاپنی پوسٹ میں لکھا :”لوگ آن لائن قرض فراہم کرنے والوں سےمحتاط رہیں۔“

حقیقت

سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا ہے کہ صرف دس مائیکرو کریڈٹ ایپلی کیشنز ہیں جو قانونی ہیں اور کمپنیز ایکٹ 1956 ءکے تحت ایک غیر بینکنگ مالیاتی کمپنی کے طور پر کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔

ان دس ایپلی کیشنز کے نام یہ ہیں: فنجا، معاون، کریڈٹ پر، ایزی لون پی کے لون،ضود پے اینڈ ضود مال، قسط پے کریڈٹ کیٹ راز کیش، ابھی، بروقت، ادھار پیسہ اور ضرورت کیش۔

سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی ترجمان، مسرت جبین نے ای میل کے ذریعے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ ”وہ تمام ایپلی کیشنز جو [اوپر دی گئی ] فہرست میں شامل نہیں ہیں ،غیر قانونی ہیں۔عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی ایپلی کیشنز سے ہوشیار رہیں۔ “

سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے اب تک 75 ایسی آن لائن قرضہ دینے والی ایپلی کیشنز کی نشاندہی کی ہے جو کہ غیر قانونی ہیں او ر جعلی طریقے سے کام کر رہی ہیں۔

” آسان قرضہ“ بھی ان کریڈٹ ایپلی کیشنز کی فہرست میں شامل ہے جن پرسکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کریک ڈاؤن کرنے جا رہا ہے۔

مسرت جبین نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ ”غیر قانونی قرضہ دینے والی ایپلی کیشنز کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے ایس ای سی پی نے گوگل اور ایپل کے علاوہ مقامی ریگولیٹرز جیسا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ، فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی ، اور اسٹیٹ بینک سے بھی رابطہ کیا ہے۔“

ان کا مزید کہنا تھا کہ ” جنوری اور فروری میںگوگل اور ایپل کو 75 غیر قانونی ایپلی کیشنز کو ان کے ایپ اسٹورز سے ہٹانے کی اطلاع دی گئی تھی۔ گوگل نے اپنے پلیٹ فارمز کو لائسنس یافتہ اداروں تک محدود کرنے کے لیے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنے پر اتفاق کیا ہے۔“

ترجمان نے جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی وضاحت کی کہ”قرضہ دینے والی ان غیر قانونی ایپلی کیشنز کا یہ رویہ ہوتا ہے کہ یہ قرض لینے والوں کو بلیک میل اور ہراساں کرتے ہیں اور ان کے ڈیٹا کی رازداری کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جوسائبر کرائم ایکٹ، 2016 ء اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ، 2010 ء کے تحت کارروائی کے لیے ذمہ دار ہیں۔“

سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) کے قوانین کے مطابق کسی بھی ڈیجیٹل قرض فراہم کرنے والی ایپلی کیشنز کو ملک میں کام کرنے کا اختیار صرف اس صورت میں دیا جائے گا اگر اس نےایس ای سی پی سے لائسنس اور منظوری اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے سرٹیفیکیشن حاصل کی ہو۔

اس کے علاوہ ، ان ایپلی کیشنز کو قرض لینے والے کی فون بک، موبائل ڈیٹا یا فوٹو گیلری تک رسائی کی اجازت نہیں ہے، چاہے قرض لینے والے نے اس بات کی رضامندی ہی کیوں نہ دی ہو۔

غیر قانونی اور جعلی ایپلی کیشنز کی فہرست ذیل میں دی گئی ہے۔

فیکٹ چیک : گوگل پلے اسٹور پر دستیاب جعلی لون ایپلی کیشنز سے ہوشیار رہیں

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔

تصویر کا کیپشن: سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ غیر قانونی لون ایپلی کیشنز کی فہرست۔