04 مارچ ، 2023
سندھ میڈیکل کالج کے قیام کو 50 سال مکمل ہوگئے، اس موقع پر نارتھ امریکا میں مقیم سندھ میڈیکل کالج کے المنائے نے جناح اسپتال میں انڈو اسکوپی اور قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں مولیکیولر جینیٹک لیب کا آغاز کردیا۔
کراچی میں قائم جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (سابقہ سندھ میڈیکل کالج) کے قیام کو 50 سال مکمل ہوگئے۔
اس موقع پر گولڈن جوبلی تقریبات کی مناسبت سے وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج اور المنائے جے ایس ایم یو آنا کے ممبران سمیت دنیا بھر میں سندھ میڈیکل کالج سے تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج نے کہا کہ سندھ میڈیکل کالج کو 50 سال مکمل ہوگئے ہیں اس سلسلے میں27 فروری سے مختلف تقریبات کا آغاز کیا گیا ہے۔
اس موقع پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نارتھ امریکا المنائے ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر یونس اسماعیل، ڈاکٹر تقی اعظم ، ڈاکٹر محمد عامر اور ڈاکٹر راحت ناز نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 1988 میں سندھ میڈیکل کالج کی المنائے بنائی گئی، ہم نے اپنا رابطہ اپنی مادرِ علمی سے ختم نہیں کیا، اس سلسلے میں یونیورسٹی میں اپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ بنایا گیا۔
مقررین نے بتایا کہ قومی ادارہ برائے صحت اطفال جناح اسپتال (این آئی سی ایچ) میں مالیکیولر جینیٹک لیب قائم کی جا رہی ہے، جناح اسپتال میں انڈو اسکوپی کا پروجیکٹ بھی 70 ہزار ڈالر میں مکمل کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 6 کڑور روپے سے زائد رقم سے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔