05 مارچ ، 2023
کوک اسٹوڈیو سے مقبول اور لیاری سے تعلق رکھنے والے بلوچی گلوکار کیفی خلیل کے گانے ’کہانی سنو' کی مقبولیت میں آئے دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
گزشتہ دنوں کیفی خلیل کا گانا کہانی سنو گلوبل میوزک ویڈیو چارٹس پر آٹھویں نمبر پر آیا اور پاکستان کی تاریخ میں گلوبل ٹاپ ٹین میں پہنچا ،اس گانے کو یوٹیوب پر 12 کروڑ50 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
تاہم کیفی خلیل کے گانے ’کہانی سنو' کو اب نیدرلینڈز کی معروف گلوکارہ ایما ہیسٹرز نے بھی اپنی آواز میں گایا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
ایما ہیسٹرز یوٹیوب پر 58 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز اور انسٹاگرام پر 17 لاکھ فالوورز کے ساتھ میوزک انڈسٹری کی ایک معروف شخصیت ہیں، وہ اکثر مشہور گانوں کو اپنی آواز میں گاکر داد وصول کرتی ہیں۔
تاہم اب انہوں نے پاکستانی گلوکار کیفی خلیل کا گانا کہانی سنو بھی اپنی آواز میں گایا ہے ، اردو میں گانا گانے پر انہیں زیادہ تر مداحوں کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے جبکہ کچھ نے کیفی کی آواز میں ہی اس گانے کو بہتر سمجھا۔
ایما ہیسٹرز کی جانب سے کہانی سنو کا ورژن 2.0 اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایما ہیسٹرز نے کوک اسٹوڈیو کے مشہور گانے پسوڑی کو بھی اپنی آواز بھی گایا تھا جس پر انہیں کافی سراہا گیا تھا۔