دنیا

تہران سے بیجنگ کی پرواز میں روس کی فضائی حدود میں ایمرجنسی، الماتے میں ہنگامی لینڈنگ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ایران کی نجی ائیرلائن کی دارالحکومت تہران سے بیجنگ کے لیے پرواز میں روس کی فضائی حدود میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جس پر طیارے کو قازقستان کے الماتے ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ 

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ماہان ائیر پرواز ڈبلیو 579 نے مقامی وقت کے مطابق اس سہہ پہر 3:24 بجے تہران انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بیجنگ کے لیے اڑان بھری۔ 

لگ بھگ ڈھائی گھنٹے کی پرواز کے بعد ائیربس اے 340 طیارہ روس کی فضائی حدود میں 35 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا کہ طیارے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی اور جہاز نے اچانک بلندی کھونا شروع کر دی۔ 

ائیر ٹریفک کنٹرول کے رابطہ کرنے پر پائلٹ نے قازقستان کے الماتے ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ اس دوران لگ بھگ نصف گھنٹے تک تمام پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف روک دیا گیا تھا۔ 

اطلاعات کے مطابق طیارہ باحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب ہوگیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ آخری اطلاعات تک طیارہ ائیر پورٹ پر ہی موجود تھا۔

مزید خبریں :