06 مارچ ، 2023
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی گیمز 2023 شہر میں رونقوں کا باعث بنے ہیں جس میں شامل مختلف کھیلوں میں کھلاڑی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی گیمز کے نتیجے میں شہر کے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے، پاکستان میں ہر نعمت موجود ہے، ضرورت صرف نیتوں کے صاف اور کام کرنے کی ہے،ملک کے حالات سدھارنے کے لیے سب کو غور کرنا چاہیے،عوام ان لوگوں کو ووٹ دیں جو مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے کراچی گیمز 2023کے حوالے سے منصورہ گراؤنڈ گلبرگ بلاک 10 میں نائٹ کرکٹ میچ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن،ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔
گورنر سندھ کا کرکٹ ٹیموں سے تعارف بھی کرایا گیا، گورنر سندھ نے فرداً فرداً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی جبکہ انہوں نے کچھ دیر میدان میں موجود رہ کر کھلاڑیوں کو کھیلتے ہوئے بھی دیکھا اور ہر اچھے شاٹس پر انہیں داد دی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن، سینیئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم عامر خان اور کرکٹر شعیب محمد نے بھی اس موقع پر گورنر سندھ کو بولنگ کرائی۔
گورنر سندھ نے ہر بال پر بہت عمدہ شاٹس کھیلے جس پر میدان میں موجود شرکاء نے بھرپور تالیاں بجائیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ازراہ تفنن کہا کہ عامر خان نے مجھے گگلی بال کرائی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ میں اس بال پر آؤٹ نہیں ہوا ورنہ لوگ کہتے کہ عامر خان نے گگلی کرکے گورنر کو آؤٹ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ منصورہ گراؤنڈ گلبرگ میں بہت جلد باقاعدہ روشنی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا جس کے لیے منتظمین کو ہدایت جاری کردی ہیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کھیل کے میدانوں اور پارکوں میں جو بھی ضروری کام ابھی تک نامکمل ہیں انہیں مکمل کر کے میدانوں اور پارکوں کو ان کی اصل شکل میں بحال کیا جائے تاکہ وہاں آنے والے کھلاڑی اور اطراف میں رہنے والے شہری استفادہ کرسکیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں کہ اس شہر کی رونقیں آباد رہیں، ہم سب کو عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے اور ہر وہ کام جو ملکی سلامتی کے لیے ہو اسے ضرور مکمل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی گیمز 2023 دس دن تک شہر کے مختلف مقامات پر جاری رہیں گے، عوام ان کھیلوں کے مقابلوں کو ضرور دیکھنے آئیں۔گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کے مقابلے آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔
منصورہ گراؤنڈ گلبرگ میں برائٹ جیم خانہ اور محمد حسین کرکٹ کلب کے مابین 20، 20 اوورز کا میچ تھا جس میں برائٹ جیم خانہ نے ٹاس جیت کر محمد حسین کرکٹ کلب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
محمد حسین کرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے بہت عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے ۔جواب میں برائٹ جیم خانہ 20 اوورز تک 7وکٹوں کے نقصان پر صرف 154 رنز بنا سکی اور یوں میچ ہار گئی۔