06 مارچ ، 2023
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہےکہ جماعت اسلامی کے نمبرز کم کرنا پیپلز پارٹی کا کام ہے، پیپلز پارٹی کا کراچی میں جیالا میئر لانےکا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جعل سازی کرکے جماعت اسلامی کے نمبر کم کردیےگئے، پی ٹی آئی بھی وہی کام کر رہی ہے جو پیپلز پارٹی نےکیا، ہم میں تو ظرف ہےکہ ہم پی ٹی آئی کی بھی بات کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ نمبر تبدیل کرسکتے ہیں، تاخیر کرسکتے ہیں مگر کراچی پیپلز پارٹی کا نہیں، پیپلزپارٹی کو بھی بتایا کہ وہ کراچی نہیں جیت سکتی، کراچی کے عوام سمجھتے تھےکہ اب کراچی کے حالات بہتر ہوں گے، خود کو عوام کا چیمپئن کہنے والے اپنی جماعت میں جمہوری نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کروانےکے پیچھے صرف جماعت اسلامی تھی، اس وقت الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی کی بی ٹیم بنا ہوا ہے۔