مصر میں ابو الہول سے ملتا جلتا ایک اور مجسمہ دریافت

یہ وہ مجسمہ ہے / فوٹو بشکریہ مصری وزارت سیاحت
یہ وہ مجسمہ ہے / فوٹو بشکریہ مصری وزارت سیاحت

ماہرین آثار قدیم نے جنوبی مصر میں ابو الہول جیسا ایک چھوٹا مجسمہ اور ایک عبادت گاہ کے کھنڈرات کو دریافت کیا ہے۔

مصر کے صوبے قنا میں ماہرین نے دندرہ کے مندر اور مجسمے سمیت دیگر نوادرات کو دریافت کیا۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ ابو الہول کے مسکراتے چہرے والا یہ مجسمہ رومی شہنشاہ کلاڈیوس کے عہد سے تعلق رکھتا ہے۔

اس رومی شہنشاہ نے 41 سے 54 عیسوی تک روم کے ساتھ ساتھ شمالی افریقا پر بھی حکومت کی تھی۔

مصری حکام کے مطابق ماہرین کی جانب سے اس جگہ مزید تحقیق کی جائے گی تاکہ مجسمے کی شناخت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آسکیں۔

یہ گیزہ کے اہرام میں واقع مشہور ابو الہول کے مجسمے سے بہت زیادہ چھوٹا ہے۔

اسے رومی عہد کا مجسمہ قرار دیا گیا ہے / اے پی فوٹو
اسے رومی عہد کا مجسمہ قرار دیا گیا ہے / اے پی فوٹو

ماہرین نے اس جگہ سے رومی عہد کے ستون بھی دریافت کیے جن پر ہیرو غلیفی خط میں کچھ لکھا ہوا ہے۔

اس نئی دریافت کے اعلان سے قبل گزشتہ دنوں ماہرین نے گیزہ کے عظیم ہرم کے مرکزی داخلی راستے کے پیچھے چھپی 9 میٹر طویل راہداری کو دریافت کیا تھا۔

اس موقع پر مصری حکام نے بتایا کہ اس دریافت سے گیزہ کے عظیم ہرم کے بارے میں مزید جاننے کا راستہ کھل جائے گا۔

مصری حکام کے مطابق یہ نامکمل راہداری ممکنہ طور پر مرکزی داخلی راستے پر ہرم کے اسٹرکچر کے وزن کا دباؤ کم کرنے کے لیے تعمیر ہوئی یا یہ کسی ایسے چیمبر کی جانب جاتی ہوگی جو اب تک دریافت نہیں ہوسکا۔

مزید خبریں :