Time 07 مارچ ، 2023
پاکستان

عمران نے گرفتاری اور تادیبی کارروائیوں سے بچنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

لاہور ہائیکورٹ میں دائر عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار نے اعتراض عائد کردیا— فوٹو: فائل
 لاہور ہائیکورٹ میں دائر عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار نے اعتراض عائد کردیا— فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے گرفتاری اور تادیبی کارروائیوں سے بچنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی تاہم رجسٹرار نے درخواست پر اعتراض کردیا۔

عمران خان کی درخواست میں فیڈریشن، آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد، کمشنر لاہور اور سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے ہوم سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ میری عمر 71 برس ہے، جسمانی زخموں سے مکمل صحت یاب نہیں ہوا، کمزوری ہے، بغیر سہارے کے چل نہیں سکتا۔ 

عمران خان کا مؤقف ہے کہ عدالتی احاطے میں رش والی جگہ پر ایک آسان ٹارگٹ بن سکتا ہوں لہٰذا جب تک عدالت میں پیشی کے لیے مناسب سکیورٹی انتظامات نہ ہوں، گرفتاری سمیت کوئی کارروائی نہ کی جائے اور جان کو خطرے کے پیش نظر ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری لگائی جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر جھوٹے اور سیاسی کیسوں سے محفوظ کیا جائے، تحفظ کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔

سابق وزیراعظم کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ آفس نے اعتراض لگادیا۔ اعتراض کے مطابق درخواست کے ساتھ مصدقہ نقول نہیں ہیں، درخواست میں متعلقہ لوگوں کو فریق نہیں بنایا گیا۔

عمران خان کے وکیل کی جانب سے آفس اعتراض پر سماعت کے لیے بینچ کو بھجوانے کی استدعا کی گئی جس کے بعد درخواست پر آفس اعتراض پر کل سماعت ہوگی۔

جسٹس شاہد کریم بدھ کو آفس کے اعتراض پر سماعت کریں گے۔

مزید خبریں :