08 مارچ ، 2023
لاہور: پاکستان اور افغانستان کے خلاف سیریز کیلئے عبوری کوچ کے مضبوط امیدوار کے طور پر سابق کپتان محمد یوسف کا نام سامنے آرہا ہے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان بھی اگلے چند روز میں کیا جا ئے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ جلد پاکستان ٹیم کے اسپورٹ اسٹاف کا اعلان کرے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق کرکٹر محمد یوسف افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے عبوری کوچ کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کو ہی وقتی طورپر ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں جب کہ محمد یوسف کے ساتھ دیگر اسپورٹ اسٹاف بھی مقامی ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے مکی آرتھر کے ساتھ معاملات تاحال طے نہیں پا سکے، اب پی سی بی کا تھنک ٹینک محمد یوسف کو عبوری کوچ کی ذمہ داریاں سونپنے کا سوچ رہا ہے۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف ثقلین مشتاق کے ساتھ کام کرچکے ہیں ۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 25 ، 27 اور 29 مارچ کو کھیلی جائے گی۔