09 مارچ ، 2023
کراچی گیمز 2023 میں کرکٹ ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں ٹی ایم سی گراؤنڈ گلبرگ میں کھیلے گئے میچ میں میٹروپولیٹن کرکٹ کلب نے شامیل کرکٹ کلب کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔
شامیل کرکٹ کلب کی پوری ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.4 اوورز میں 97 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، میٹروپولیٹن کلب کی طرف سے معاذ بن سلمان نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔
جواب میں میٹروپولیٹن کرکب کلب نے 2 وکٹوں کے نقصان پر صرف 8.5 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔
فاتح ٹیم کی طرف سے حبیب اللہ نے 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے جبکہ سہیل خان نے آؤٹ ہوئے بغیر 29 رنز کی عمدہ انگز کھیلی۔
معاذ بن سلمان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دوسرے کوارٹر فائنل میں المنصورہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کے ایم سی نے پاک کورنگی کلب کو ایک رن سے ہرا دیا۔
پاک کورنگی نے ٹاس جیت کر کے ایم سی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر کے ایم سی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 210 رنز بنائے، نافع نے 50 رنز اسکور کے جبکہ ایس ایم تحامی نے 49 رنز کی انگز کھیلی۔
پاک کورنگی کی طرف سے ذوالفقار نے تین اور رضوان اللہ نے دو وکٹیں لی۔ جواب میں پاک کورنگی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 209 رنز بنا سکی اور یہ میچ ایک رن سے ہار گئی۔
کے ایم سی کی طرف سے حسن خان نے 36 رنز دے کر 2 اور محمد طحٰہ نے 37 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ عالیان محمود کے حصہ میں آئی۔ عالیان محمو د کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دریں اثناء کراچی گیمز 2023 میں فٹ بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز کی ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔
کے ایم سی فٹ بال گراؤنڈ میں کلری اسٹار اور کیماڑی یونین کے درمیان کھیلا گیا میچ کلری اسٹار 0-3 سے جیت گئی، دوسرا میچ حیدری بلوچ اور کوہاٹ اسپورٹس کے درمیان کھیلا گیا، آخری وقت تک مقابلہ 2-2 سے برابر رہا، پنالٹی کک آؤٹ پر کوہاٹ اسپورٹس جیت گئی۔
اس کے علاوہ اعظم اسپورٹس گراؤنڈ میں منعقدہ میچ میں باران محمڈن نے ساجدی محمڈن کو 1-0 سے شکست دے دی، دوسرا مقابلہ محفوظ الیون اور شاہد میموریل کے درمیان کھیلا گیا مقررہ وقت تک کسی بھی ٹیم نے گول نہیں کیا، پنالٹی کک پر شاہد میموریل 4-5 سے جیت گئی، یہ میچ فیفا کے ریفری طاہر حسن کی زیر نگرانی کھیلا گیا۔
یہ تمام میچز ناک آؤٹ کی بنیاد پر کھیلے جارہے ہیں، سیمی فائنل 10 مارچ کو کے ایم سی اسپورٹس گراؤنڈ اور اعظم اسپورٹس گراؤنڈ ڈرگ روڈ پر 3بجے کھیلے جائیں گے، کراچی گیمز 2023 کے فٹ بال کا فائنل میچ کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم میں 12 مارچ کو 3 بجے منعقد کیا جائے گا۔