Time 10 مارچ ، 2023
پاکستان

اوورسیز پاکستانی وطن میں سرمایہ لگائیں، سندھ حکومت بھرپور سہولتیں فراہم کریگی: فریال تالپور

تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور زراعت سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں: فریال تالپور/ فوٹوجیو نیوز
تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور زراعت سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں: فریال تالپور/ فوٹوجیو نیوز

پیپلزپارٹی کی رہنما و سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی وطن میں سرمایہ لگائیں، سندھ حکومت انہیں بھرپور سہولتیں فراہم کرےگی۔ 

ان کا کہنا ہے کہ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور زراعت سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور ان کو جدید تر بنانے کے لیے سندھ اور کیلیفورنیا کو سسٹر اسٹیٹ کا درجہ دینے کے لیے اقدامات کرنا چاہیں۔

فریال تالپور نے یہ بات پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ ڈاکٹر آصف محمود سے ملاقات کے موقع پر کہی جنہوں نے پیپلزپارٹی کی رہنما سے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ 

فوٹوجیو نیوز
فوٹوجیو نیوز

اس موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، سعید غنی،سید ناصر حسین شاہ، مکیش کمار چاولہ، سید سردار شاہ اور پیپلزپارٹی کے سینئر صوبائی رہنما سہیل انور سیال سمیت کئی دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ 

فریال تالپور کا کہنا تھاکہ جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے بغیر مختلف شعبوں میں دیرپا ترقی ممکن نہیں، انہوں نےامید ظاہر کی کہ کیلی فورنیا کی جامعات اور اداروں سے وابستہ ماہرین سندھ آکر ان فیلڈز میں بہتری کے لیے اقدامات کریں گے۔

ڈاکٹر آصف محمود نے بتایا کہ پنجاب کیلیفورنیاسسٹر اسٹیٹ منصوبہ کی بنیاد اس وقت ڈالی گئی تھی جب سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور 2 سال پہلے کیلیفورنیا آئے تھے۔ اس وقت انہوں نے ریاست کے قانون سازوں سے گورنر پنجاب کی ملاقاتیں طے کراکے اس سمت میں پہلا قدم اٹھایا تھا اور مسلسل کاوشوں سے اس سال 9 جنوری کو کیلی فورنیا کی ریاستی اسمبلی نے اس ضمن میں قرار داد منظور کی ہے۔

کھاریاں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر آصف محمود نے کہا کہ ان کے دل میں پنجاب کی اہمیت ہے مگر چونکہ زندگی کا پرائم ٹائم سندھ میڈیکل کالج میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے گزرا تھا، اس لیے ان کی کوشش ہوگی کہ سندھ کے لیے پنجاب سے بھی کہیں بڑھ کر اقدامات کیے جائیں۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ڈیوس کی نمائندہ بھی اس موقع پر موجود تھیں، یہ یونیورسٹی زراعت کے لحاظ سے امریکا کی صف اول کی درسگاہ سمجھی جاتی ہے اور اسکا فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی سے طویل عرصے سے تعلق قائم ہے۔ یونیورسٹی کی نمائندگی کرنیوالی خاتون کا کہنا تھاکہ وہ یہ تعلق سندھ کی جامعات سے بھی قائم کرنا چاہتی ہیں۔

سہیل انور سیال کا کہنا تھاکہ جس طرح پنجاب اور کیلی فورنیا کو سسٹر اسٹیٹ کا درجہ دیا گیا ہے ، اسی طرح سندھ کو بھی کیلیفورنیا سے جوڑنے کی آج داغ بیل ڈال دی گئی ہے۔ اور اسی لیے انہوں نے ڈاکٹر آصف محمود کو اپنی رہائش گاہ بھی مدعو کیا تھا تاکہ اس سمت میں پہلا قدم اٹھایا جاسکے۔ سہیل انور سیال نے کہا کہ پیداواری لحاظ سے دیکھیں تو سندھ کی کئی اجناس پنجاب میں پیدا ہونے والی فصلوں سے بھی بہتر ہیں، اس لیے انہیں ایکسپورٹ کرنے کے مواقع بھی بڑھیں گے، انہوں نے بتایا کہ سابق صدر زرداری اور بلاول بھٹو بھی اس سلسلے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

وزیرتعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ سسٹر سٹیز اور سسٹر اسٹیٹ کا درجہ خیر سگالی کا مظہر ہوتا ہے، سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہوا تو عالمی معیار کا تعلیم نظام متعارف کرانے کے لیے دانشوروں اور ماہرین تعلیم کی خدمات حاصل کرنا آسان ہوجائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ثقافتی تبادلوں کے ذریعے اس سمت میں مسلسل قدم اٹھائے جائیں تو دونوں ملکوں کے عوام بھی ایک دوسرے کے قریب آسکیں گے۔

صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھاکہ کیلیفورنیا امریکا کی ترقی یافتہ ترین ریاست ہے، اس کے فوائد پوری دنیا اٹھارہی ہے ،سسٹر اسٹیٹ کا درجہ ملاتو سندھ کے عوام بھی آئی ٹی، تعلیم اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں اسکے ثمرات سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔

کراچی کے اس مختصر دورے میں ڈاکٹر آصف محمود نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے بھی ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات اور پاکستان کی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ 

گورنر ٹیسوری نے کہا کہ ملک کی ترقی اسی وقت ممکن ہوگی جب مختلف شعبوں میں غیر معمولی مقام حاصل کرنیوالے پاکستانی اپنے وطن کے مستقبل میں سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوں نے سسٹر اسٹیٹ منصوبے کو سراہا اور کہا کہ سندھ قدیم روایات کا امین ہے ، کیلیفورنیا اور سندھ کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے سیاحت کے شعبے کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس منصوبہ کو آگے بڑھانے کے لیے ہرممکن تعاون کریں گے۔

کراچی سے پہلے ڈاکٹر آصف محمود کی قیادت میں امریکا کے 10 رکنی وفد نے صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقاتیں کی تھیں۔ وفد میں کیلیفورنیا اسمبلی کےرکن کرس ہولڈن،وینڈی کیری،مائیک گپسن،اور ریزایلوئس بھی شامل تھے وفد نےانہیں بتایا کہ کیلیفورنیا میں پنجاب سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے ، پنجاب کے یہ افراد ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں، اور نیا تعلق نئی راہیں کھولے گا۔

امریکی وفد نے لاہور کے علاقے زمان پارک جاکر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے بھی تفصیلی ملاقات کی تھی، جس میں پاک امریکا تعلقات اور پاکستان کی سیاسی صورتحال پر بات ہوئی۔

تحریک انصاف کے سربراہ پاکستان کے وہ واحد قومی سطح کے رہ نما ہیں جنہوں نے کیلیفورنیا سے کانگریس کا الیکشن لڑنے کے موقع پر ڈاکٹر آصف محمودکی حمایت میں بیان جاری کیا تھا اور پی ٹی آئی امریکا پر زور دیا تھاکہ وہ ڈاکٹر آصف کے لیے فنڈ ریزنگ کریں۔ وفد سے بات چیت میں عمران خان نے مستقبل میں امریکا کےساتھ اچھےتعلقات کی خواہش کا اظہارکیا۔

وفد نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی اور سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔دونوں رہنماوں نے توقع ظاہر کی کہ اس دورے سے پاک امریکا تعلقات میں بہتری آئے گی جس سے معیشت مضبوط ہوگی۔

مزید خبریں :